نیب کو کام سے روکا جارہاہے اور نہ اس حوالے سے کوئی بل لانے بارے پیشرفت ہوئی ہے ‘ اسپیکر قومی اسمبلی

خواتین کوتشدد سے تحفظ کا بل حرف آخر نہیں ،اس سے پہلے بھی قوانین میں ترامیم لائی جاتی ہیں،اس بل میں بھی ترامیم لاکر ایوان کو قائل کیا جائے مولانا فضل الرحمان کی اکثر باتوں کے دو ،دو مطلب ہوتے ہیں، حکومت گرانے یا نہ گرانے کا اختیار صرف اﷲ کے پاس ہے‘ ایاز صادق

بدھ 2 مارچ 2016 19:10

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نیب کو کام سے روکا جارہاہے اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی بل لانے بارے پیشرفت ہوئی ہے البتہ تمام اراکین نیب کے قانون میں بہتری لانے کی بات ضرور کر رہے ہیں،خواتین کوتشدد سے تحفظ کا بل حرف آخر نہیں اس سے پہلے بھی قوانین میں ترامیم لائی جاتی ہیں اس میں بھی لائی جا سکتی ہے لیکن ترامیم لانے والوں کو قائل بھی کرنا ہوگا ،مولانا فضل الرحمان کی اکثر باتوں کے دو دو مطلب ہوتے ہیں، حکومت گرانے یا نہ گرانے کا اختیار صرف اﷲ کے پاس ہے۔

یونین کونسل 83میں واٹر سپلائی اور سڑک کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار ایاز صادق نے کہا کہ حکومت یا کوئی بھی پرائیویٹ ممبر اپنی سوچ کے مطابق بل پیش کرتا ہے اور اس کے بعد ایوان اسے پاس یا مسترد کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

اگر کسی کو خواتین سے متعلق پاس ہونے والابل پسند نہیں تو ا سکے لئے ترامیم لائی جا سکتی ہیں۔ پہلے بھی بہت سے قوانین میں ترامیم لائی جاتی ہیں اس میں بھی لا ئی جا سکتی ہیں لیکن جو یہ ترامیم لانا چاہتے ہیں وہ قائل کریں کہ وہ جو شقیں شامل کر رہے ہیں وہ کس طرح پہلے بل سے بہتر ہیں۔

انہوں نے نیب کو نکیل ڈالنے کے لئے نیا قانون لانے کے حوالے سے سوال کے جواب میں کہا کہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ بلوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے اور کوئی بھی پاس ہونے والا بل حرف آخر نہیں ہوتا ۔ نیب کو کام سے روکا جارہا ہے اور نہ ہی اس طرح کابل لانے کی طرف کوئی پیشرفت ہوئی ہے البتہ ممبران یہ بحث ضرور کر رہے ہیں کہ اس قانون میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میاں میر میں ڈگری کالج او رمیاں میر ہسپتال کی سڑک کی توسیع کیلئے لینڈ ایکوزیشن کیلئے سیکشن فور کا نوٹیفکیشن کر دیا گیا ہے اور پہلی ترجیح زمین کا حصول ہے اور اس کے بعد تعمیراتی کام ہیں۔ سمن آباد میں ایک اور مقام پر ٹیوب ویل کی تنصیب کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی اکثر باتوں کے دو ،دو مطلب ہوتے ہیں، ان کو بات کہنے میں ملکہ حاصل ہے،حکومت گرانے یا نہ گرانے کا اختیار صرف اﷲ کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم نہیں ہو رہیں، البتہ حکومت اور اپوزیشن چاہے تو ہو سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب ہر جگہ انکوائری کر رہی ہے تاہم انکوائری کا مطلب بے ضابطگی ثابت ہونا نہیں ۔سردار ایاز صادق کاکہنا تھا کہ پانی کی قلت کا مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے ،ٹریٹمنٹ پلانٹس لگانے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ۔