اسلامی یونیورسٹی اور سکوٹر یونیورسٹی نائجیریا کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

بدھ 2 مارچ 2016 19:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور سکوٹر سٹیٹ یونیورسٹی نائجیریا کے درمیان تعلیمی تعاون پر مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہو گئے۔ سکوٹو سٹیٹ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نوہو یعقوب اور بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آبادکے صدر ڈاکٹر احمد یوسف الدریویش نے مفاہمت کی اس یادداشت پر دستخط کیے۔

یادداشت کے مطابق دونوں جامعات مختلف شعبہ جات میں علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دیں گی۔ دونوں جامعات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مختلف شعبہ جات میں علمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دیں گی۔ دونوں جامعات نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ اساتذہ اور طلباء کے وفود کا تبادلہ و مشترک تحقیقی سرگرمیاں ، مشترکہ ڈگری اور ڈپلومہ پروگرامز کے اجراء پر کام کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اور اس سلسلے میں دونوں جامعات کے ماہرین مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دیں گے۔ مفاہمت کی یادداشت کے مطابق دونوں جامعات نے مشترکہ سیمنارز ، کانفرنسوں اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد بھی اتفاق کیا۔ مفاہمت کی یادداشت کی تقریب میں ڈاکٹر محمد بشیر خان نائب صدر جامعہ تدریسی اورامور اور نائب صدر جامعہ برائے اعلیٰ تحقیق ڈاکٹر محمد منیر ڈائریکٹر جنرل خالد محمود راجہ ، ڈینز ، ڈائریکٹر اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر نوہو نے کہا کہ مفاہمت کی یہ یادداشت تعلیمی تعاون میں سنگ میل ثابت ہو گی۔ انہوں نے تعلیمی تعاون کے فروغ، تبادلہ افکار اور مختلف شعبہ جات میں مشترکہ ترقی اور بہتری کے لیے مل کر کام کرنے کو اہم قرار دیا۔ انہوں نے اسلامی یونیورسٹی کی عالم اسلام کے لیے خدمات کو سراہا اور کہا کہ یونیورسٹی تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ ڈاکٹر الدریویش نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت صرف دو جامعات کے درمیان ہی نہیں بلکہ دو ملکوں کے درمیان تعاون کے فروغ کے لیے ہے۔ انہوں نے دعوہ اکیڈمی کے تعاون سے سکوٹو سٹیٹ یونیورسٹی میں تربیتی پروگرام منعقد کرنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔