پیمراکا چینل 24اور دن نیوز چینلز پر جرمانہ اور معافی نشر کرنے کا حکم

بدھ 2 مارچ 2016 19:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 مارچ۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس لاہور نے ڈاکٹر مہدی حسن کی زیرِ صدارت اپنے 59ویں اجلاس میں چینل 24 کے میزبان مبشر لقمان کے ایک پروگرام میں پنجاب پولیس کیخلاف ہتک آمیز پروگرام کے ذریعہ پنجاب پولیس کو بدنام کرنے پر چینل کو ایک لاکھ روپے جرمانے اور معافی نشر کرنے کی ہدایت کر دی۔کونسل آف کمپلینٹس نے چینل 24کیخلاف محمد انور اور مسز تابندہ شبیر کی جانب سے دائر کردہ دو مختلف شکایات کی سماعت کرتے ہوئے جرمانے کے اطلاق اور معافی نشر کرنے کے فیصلے کے ساتھ ساتھ تمام چینلز کو سپریم کورٹ آف پاکستان کے نافذ کردہ ضابطۂ اخلاق کی مکمل پاسداری کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز مؤثر تاخیری نظام اور ایڈیٹوریل بورڈ کے نفاذ کے ساتھ ساتھ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ان کے چینلز کسی کے خلاف ذاتی نفرت، شرانگیزی اور بدنامی کیلئے کسی کے آلہء کار نہ بنیں۔

(جاری ہے)

کونسل نے چینل 24کو اپنی گذشتہ میٹنگ میں عائد کردہ تیس ہزار روپے جرمانے کی فوری ادائیگی کا بھی نوٹس دیتے ہوئے کہا کہ دو ہفتے میں جرمانوں کی ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں چینل کا لائسنس معطل کر دیا جائے ۔ دن نیوز چینل کے پروگرام "پاکستان آن لائن وتھ پی جے میر" کے پروگراموں مؤرخہ 29دسمبر 2015؁ء اور 21جنوری 2016؁ء کو لائیو کالرز کے عدلیہ کیخلاف نازیبا اور ہتک آمیز الفاط نشر کرنے پر اور بار بار کونسل میٹنگز میں بلانے کے باوجود عدم حاضری پر کونسل نے چینل پر ایک لاکھ روپے جرمانے کے ساتھ ساتھ اسی پروگرام میں اسی طرح سے معافی نشر کرنے کی ہدایت کر دی۔

کونسل نے دن نیوز چینل کو فوری طور پر مؤثر تاخیری نظام اور ایڈیٹوریل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مزید کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں چینل کیخلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ان سفارشات کو اتھارٹی کے چیئرمین پیمراکو تفویض کردہ اختیارات کے تحت منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔کونسل اجلاس کے دیگر ممبران میں ڈاکٹر صغریٰ صدف، ڈاکٹر مبشر ندیم، ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر ، فوزیہ وقار صاحبہ اور ڈاکٹر محمد صفدر رحمن(ریجنل جنرل منیجر/سیکریٹری کونسل) بھی شریک تھے۔ کونسل آف کمپلینٹس معروف اور معزز شہریوں پر مشتمل ایک آزاد اور خودمختار فورم ہوتاہے اور یہ کسی بھی صورت پیمرا کے یا سرکاری ملازمین نہیں ہوتے۔