لکی مروت میں ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر بدھ 2 مارچ 2016 18:50

لکی مروت(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 02 مارچ۔2015ء)جماعت اسلامی ضلع لکی مروت کے زیر اہتمام ممتاز قادری کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی اور احتجاجی ریلی نکالی گئی ،کرپشن فری پاکستان کے لیے ممبر شپ مہم کے آغاز کا اعلان کر دیا گیا۔نماز جنازہ قلعہ گراؤنڈ سرائے نورنگ میں ادا کی گئی جس میں ہر مکتبہ فکر کے سینکڑوں افراد نے شرکت کی،جنازہ کے بعد ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ضلعی امیر مفتی عرفان اﷲ،سیکرٹری جنرل سبزعلی خان نوید،نائب امراء عزیزاﷲ خان،ملک میر شاہ اور جے آئی یوتھ کے رہنما طارق جان خان نے کی۔

ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر حکومت کے خلاف نعرے درج تھے،اس موقع پر مرکزی حکومت کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی گئی۔

(جاری ہے)

مین اڈہ نورنگ پہنچ کر ریلی کے شرکاء نے جلسہ کی شکل اختیا ر کر لی جس سے مفتی عرفان اﷲ، سبزعلی خان نوید،عزیزاﷲ خان،ملک میر شاہ اور طارق جان خان نے خطاب کیا۔مقرین نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم نے اپنی حکومت کے خاتمے پر دستخط کر دیے ہیں اور ان کے دن گنے جا چکے ہیں،ممتاز قادری نے عشق مصطفی ؐ کی جو شمع روشن کی ہے وہ قیامت تک نور پھیلاتی رہے گی،قوم ناموس رسالت کے لیے ہر قسم کی قربانی کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر آزاد ہوا ہے لیکن یہاں پر اب تک امریکہ اور برطانیہ کے غلام حکومت کر رہے ہیں ،اسی لیے ملک مسائل کا شکار ہے جماعت اسلامی نے قوم کو اسلامی پاکستان ،خوشحال پاکستان کا نعرہ دیا ہے اور یہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی آج سے کرپشن کے خلاف مہم کا آغاز کر رہی ہے،کرپشن نے قوم کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے،ملک کے تمام وسائل کرپشن کی نذر ہو رہے ہیں،ملک میں کرپٹ لوگ ہی سب سے بڑے دہشت گرد ہیں،لیکن اب ہم ان کو بھاگنے نہیں دیں گے اور ان کا کڑا احتساب کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف عوام خصوصاً نوجوانوں کو منظم کیا جا رہا ہے اور جے آئی یوتھ کے پلیٹ فارم سے ممبر شپ مہم چلائی جا رہی ہے،نوجوان ممبر شپ کے لیے اپنا نام،قومی شناختی کارڈ نمبر،یونین کونسل اور ضلع کا نام 9291 پر ایس ایم ایس کریں گے۔