متعلقہ محکمے سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کریں،ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ

بدھ 2 مارچ 2016 18:35

ٹھٹھہ ۔ 2 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ ندیم الرحمان میمن نے ضلع کے تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ 14 مارچ 2016ء سے شروع ہونے والی سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے تمام انتظامات مکمل کریں تاکہ مستقبل کی معماروں کو پولیو جیسے موذی مرض سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے انہیں ہدایت کی کہ وہ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی سخت نگرانی کریں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے رہ نہ جائے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربار ہال مکلی میں انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سہ روزہ انسدا پولیو مہم 14مارچ تا 16 مارچ 2016ء تک ضلع بھر میں جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ پولیو مہم کے ساتھ خسرہ، کالی کھانسی، خناق و دیگر بیماریوں کی ویکسینیشن کے عمل کو بھی سخت کریں تاکہ ٹھٹھہ سے ان بیماریوں کا بھی خاتمہ کیا جا سکے۔

انہوں نے اجلاس میں والدین، علماء کرام، اساتذہ، این جی اوز و منتخب نمائندے اور زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے لوگوں پر زور دیا کہ وہ پولیو سے متعلق آگہی مہم چلائیں اور سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران محکمہ صحت اور پولیو ٹیموں سے تعاون کرتے ہوئے پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے میں مدد کریں۔ انہوں نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اس ضمن میں محکمہ صحت کے افسران کے ساتھ پولیو مہم کی سخت نگرانی کریں اور اپنی متعلقہ تحصیلوں میں کتا مار مہم کے ساتھ مچھر مار اسپرے بھی شروع کریں اور روزانہ کی بنیاد پر انہیں رپورٹ پیش کریں۔

اس موقع پر ایس ایس پی ٹھٹھہ فدا حسین مستوئی نے اجلاس میں کہا کہ سہ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیمز کو مکمل تحفظ مہیا کیا جائے گا تاکہ مہم کامیاب ہو۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کئے گئے ہیں اور مہم کے دوران کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں پولیو مہم کی تیاریوں کے متعلق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر عبدالفتاح مہر نے بتایا کہ پولیو مہم کے دوران ضلع ٹھٹھہ کے پانچ سال سے کم عمر کے تقریباً ایک لاکھ 79 ہزار 143 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔

اس ضمن میں ضلع کی 30 یونین کونسلز کیلئے 381 موبائل اور 36 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-II کیپٹن بلال شاہد، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :