پودے ماحول کی دل کشی میں اضافہ کا سبب ہیں: نپولین گومز

سینٹ مریز اکیڈیمی میں شجرکاری مہم ‘ ایک ہزار پودوں کا ہدف مقرر کردیا، پرنسپل

بدھ 2 مارچ 2016 18:31

راولپنڈی ۔ 2 مارچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء) پودے ماحول کی خوبصورتی‘ دلکشی اور شادابی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں شجرکاری کے ذریعے بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ والدین اور اساتذہ شجرکاری مہم کی بھرپور سرپرستی کریں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم ، پرنسپل نپولین گومز نے آج یہاں سینٹ میریز اکیڈمی لالہ زار راولپنڈی میں موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر درسگاہ کے کوآرڈینٹرز‘ سینئر اساتذہ کے ساتھ طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھیں ۔نپولین گومز کا کہنا تھا کہ اس سال درسگاہ میں انتظامیہ اساتذہ اور طلباء ایک ہزار پودے لگانے کا ہدف حاصل کریں گے انہوں نے نونہالوں سے کہا کہ وہ درسگاہ کے ساتھ گھروں میں بھی پودے لگا کر ان کی حفاظت کریں۔

(جاری ہے)

پودوں سے دوستی کریں ان کی دوستی سے گھر کا ماحول دل نشیں ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماہرین کی رائے میں کسی بھی ملک میں 25 فی صد جنگلات ناگزیر ہیں بدقسمتی سے ہم جنگلات کی حفاظت کرنے میں تساہل پسندی کا شکار ہیں نپولین گومز نے وفاقی‘ صوبائی اور مقامی حکومتوں سے شجرکاری مہم میں حصہ لینے اور تعلیمی اداروں میں نئے پودے لگانے کی ضرورت پر زور دیا۔ آخر میں طلباء و طالبات نے ایئروکیریا کا پودا لگا کر وطن کی زرخیزی اور خوشحالی کے لئے اجتماعی دعا کی۔