اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے اقدامات پر عملدرآمد سے اسٹریٹ کرائم میں ریکارڈ کمی ہوئی ،ڈی آئی جی ساؤتھ زون

بدھ 2 مارچ 2016 18:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء)ڈی آئی جی ساؤتھ زون ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا ہے کہ ساؤتھ زون میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام کے حوالے سے جو اقدامات اُٹھائے گئے ان پر عملدرآمد سے اسٹریٹ کرائم میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں موسم گرما میں ساحل سمندر پر فیملیز کے رش کے پیش ِ نظر کلفٹن، سی ویو اور دو دریا کے ساحلی علاقوں میں خصوصی طور پر سیکورٹی کے انتظامات کئے گیے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی واردات کو موقع پر ہی کچل دیا جائے۔

ڈی آئی جی ساؤتھ زون ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ پوش علاقوں کی ویران شاہراہوں اور ٹریفک سگنل پر ماضی میں ہونے والی وارداتوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایسی حکمتِ عملی مرتب کی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد بھی کیا جا رہا ہے جس سے ملزم بچ کر نہیں نکل سکتا۔

(جاری ہے)

ڈی آئی جی ساؤتھ زون نے کہا کہ لیاری اور اس کے اطراف کے علاقوں میں پولیس کے موثر ایکشن کے سبب آج لیا ری میں ہر فرد کسی بھی وقت باآسانی اپنا کاروبارِ زندگی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے۔

ڈی آئی جی ڈاکٹر جمیل احمد نے کہا کہ ساؤتھ زون کے تمام کاروباری علاقوں میں تمام تھانوں کو جو اینٹی ڈکیت و اسٹریٹ کرمنل پلان دیا گیا ہے۔ اس پر عملدرامد کا نتیجہ یہ ہے کہ ساؤتھ زون کے تمام کاروباری ایریاز میں تاجر برادری مطمئن ہے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ زون ڈاکٹر جمیل احمد نے سیکورٹی سمیت تمام امور کے اقدامات پر عملدرآمد ہونے کے باوجود ساؤتھ زون کے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ فرائض میں غفلت و کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جس علاقے میں واردات ہو گی اس علاقے کے ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔