پاکستان اسٹیل کے ملازمین ،انجینئرز اور ہنرمندمحنت کش باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں،میجر جنرل (ر)ظہیر احمد خان

بدھ 2 مارچ 2016 18:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) ’’پاکستان اسٹیل کے ملازمین ،انجینئرز اور ہنرمندمحنت کش باصلاحیت اور تجربہ کار ہیں ، جنہوں نے ہمیشہ اپنے اپنے شعبہ جات میں اپنی اعلیٰ کارکردگی کا لوہا منوایا ہے‘‘-اِن خیالات کا اظہار پاکستان اسٹیل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میجر جنرل (ریٹائرڈ) ظہیر احمد خان، ہلال امتیاز(ملٹری) نے آپریشنز بلڈنگ میں واقع ٹیکنیکل لائبریری میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پروڈکشن اور ٹیکنیکل سروسز ڈائریکٹوریٹ کے مختلف محکمہ جات میں کام کرنے والے افسران اور ہنرمندوں کو ’’سندِ اعزاز اور انعامات‘‘ سے نوازنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسٹیل کے افسران اور ہنرمندوں نے پیداواری عمل میں تعطل کے باوجود اِن کارخانوں کی مشینری و آلات کی مرمت و دیکھ بھال کے کاموں کو اَحسن طریقے سے سرانجام دیاہے جو قابلِ تحسین اور ستائش کے قابل ہے۔

(جاری ہے)

اِن ملازمین نے شب و روز محنت کرکے ادارے کے اندرونی وسائل کو بروئے کار لاکر اعلیٰ کارکردگی کی بدولت 35 برس پُرانے کارخانوں کوبہترین بنادیا ہے ، جو پیداواری عمل بحال ہونے کے بعد مزید اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے ۔

اس تقریب میں اعلیٰ ترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جن محکمہ جات کو اوّل انعام دیا گیا اِن محکموں میں سنٹرنگ پلانٹ، بلک واٹر سپلائی ڈیپارٹمنٹ، کولڈ رولنگ مل اور ایم آر ایچ ٹی شاپ شامل ہیں جبکہ اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں میں اسٹیل میکنگ ڈیپارٹمنٹ، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ، جیٹی اور ایئر اسٹیم اینڈ گیس نیٹ ورک شامل ہیں جو دوسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

اس کے علاوہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکمہ جات میں ریفریکٹریز ڈیپارٹمنٹ، سی واٹر ڈیپارٹمنٹ، تھرمل پاور پلانٹ اور آکسیجن پلانٹ شامل ہیں جنہوں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر سی ای او پاکستان اسٹیل جنرل ظہیر احمد خان نے مذکورہ پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے محکموں کے سربراہوں کو خصوصی شیلڈ سے نوازنے کے علاوہ اِن کی قائدانہ صلاحیتوں کو بھی سراہا۔

علاوہ ازیں، سی ای او پاکستان اسٹیل جنرل ظہیر احمد نے 12 افسران اور12 ہنر مند محنت کشوں کو خصوصی اسناد اور نقد انعامات بھی پیش کئے۔ اس تقریب میں ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی جبکہ پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر(پروڈکشن) واصف محمود، قائمقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر(ٹیکنیکل سروسز) کیپٹن (ر) شمسی حسن ، قائمقام پرنسپل ایگزیکٹو آفیسر(بی ایم آر اینڈ ای/ ایچ آرڈی) سیدّ امتیاز الحسن شمسی ، کارپوریٹ سیکریٹری غلام مصطفی ، ڈپٹی چیف انجینئر/ انچارج(پی پی اینڈسی) سید مشرف حسین اور دیگر سینئر افسران بھی شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :