آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے دلچسپ اسکول ریڈنگ پروگرام

آکسفورڈِگ ریڈمیں قومی سطح پر جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان

بدھ 2 مارچ 2016 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔02 مارچ۔2016ء) آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے اپنے دلچسپ اسکول ریڈنگ پروگرام۔ آکسفورڈِگ ریڈمیں قومی سطح پر جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان کردیاہے۔یہ پروگرام ملک میں اپنی نوعیت کاپہلا پروگرام ہے،OBRکا آغاز پچھلے سال ستمبر میں پاکستان بھر کے اسکولوں میں کیاگیا تھا۔اس منصوبے کے پیچھے یہ خیال کارفرما تھا کہ اسکول کے بچوں کو معیاری تحریروں سے متعارف کروایا جائے تاکہ ان میں،آئندہ زندگی کیلئے،پڑھنے کی عادت پختہ ہوسکے،جس کے نتیجے میں وہ تحریری مواد کو بہتر انداز میں جانچ سکیں اور ان میں تنقیدی انداز میں سوچنے کی صلاحیت پیدا ہوسکے۔

اس مقابلے میں حصہ لینے والے طالب علموں کو اوکسفرڈ کی کتابیں پڑھ کر ان پر تبصرے تحریر کرنے تھے۔

(جاری ہے)

پرائمری اور سیکنڈری کلاسوں کے طالب علموں کیلئے منعقد کئے جانے والے اس مقابلے کو زبردست پذیرائی ملی اور اس کے نتیجے میں ہمیں 3700انٹریز موصول ہوئیں۔پاکستان کے26مختلف شہروں کے 200اسکولوں کے طالب علموں نے اس مقابلے میں حصہ لیا۔اوکسفرڈبِگ ریڈمیں 3مختلف لیولز سے انٹریز موصول ہوئیں لیول1(کلاس1تا3)،لیول2(کلاس4تا6)اور لیول3(کلاس7تا9)۔

موصول ہونے والے تبصروں کا پہلے مقامی سطح پر جائزہ لیا گیا اور ان میں سے فائنل کیلئے منتخب ہونے والوں کا قومی سطح پر مقابلہ کروایا گیا۔ان تبصروں کا جائزہ جیوری کے ایک ممتاز پینل نے لیا جس میں ماہرین تعلیم،علمی شخصیات اور بچوں کی کتابوں کے مصنفین شامل تھے۔لیول1میں قومی سطح پر جیتنے والے الیین رضاخان ہیں،جن کا تعلق ہیر یٹیج مونٹیسوری اینڈ اسکول،ملتان سے ہے؛لیول2میں جیتنے والی فاطمہ خان ہیں،جن کا تعلق کوہ نور گرامر اسکول،فیصل آباد سے ہے؛لیول3میں جیتنے والی ردا زینب ہیں، جن کا تعلق آرمی پبلک اسکول اینڈ کالج اعظم گیر یژن لاہور سے ہے۔

لیول1میں دوسرے نمبر پر آنے والی لائبہ خان ہیں،جن کا تعلق جعفر پبلک اسکول،کراچی سے ہے؛لیول2میں دوسرے نمبر پر آنے والے یحییٰ اصغر ہیں،جن کا تعلق جنر یشنز اسکول،کراچی سے ہے؛لیول 3میں دوسرے نمبر پر آنے والی عروبہ زاہد ہیں،جن کا تعلق ہمدرد پبلک اسکول،کراچی سے ہے۔تیسرے نمبر پر آنے والوں کے نام ہیں؛رانیہ افتخار جن کا تعلق سوسائٹی پبلک اسکول،لاہور سے ہے؛زینب عباس زیدی،جن کا تعلق آل عمران اسکول سسٹم لاہور سے ہے؛اور نعمان انور،جن کا تعلق کوہ نور گرامر اسکول،فیصل آباد سے ہے۔جیتنے والوں اور پہلے اور دوسرے نمبر پر آنے والوں کو سر ٹیفکیٹ اور کتابوں کیلئے انعامی واؤچرز دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :