یوایم ٹی اورپنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے صنعتی نمائش کاانعقاد

پاکستان میں سائنس وٹیکنالوجی کے بہترین دماغ پائے جاتے ہیں‘ریکٹر یوایم ٹی ڈاکٹرحسن صہیب مراد وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی ڈاکٹرمجاہد کامران نے عابدایچ کے شیروانی کو انوینشن سے انوویشن کے آئڈیاکو عملی جامہ پہنانے پر سراہا

بدھ 2 مارچ 2016 17:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء)یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈٹیکنالوجی(یوایم ٹی) اورپنجاب یونیورسٹی کے اشترک سے پانچویں صنعتی نمائش کاانعقادکیاگیا جس میں 100سے زائدسائنس وٹیکنالوجی کے پراجیکٹ اورمصنوعات کونمائش کے لیے پیش کیاگیاجس میں حال ہی میں یوایم ٹی کے طلبہ کی جانب سے بنائے جانے والے سولرایئرپلین کاجہازبھی شامل ہے جو کہ لوگوں کی توجہ کامرکزبنارہا۔

نمائش سے منسلک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹریوایم ٹی پروفیسرڈاکٹرحسن صہیب مرادنے کہا کہ پاکستان ہرطرح کے وسائل سے مالامال ہے،ہم اگر چاہیں توسائنس وٹیکنالوجی سمیت ہرمیدان میں اپنی صلاحیتوں کالوہامنواسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک میں کی جانے والی ریسرچ کوسترفیصد تک حکومتیں سپورٹ کرتی ہیں لیکن ہمارے ہاں سائنس وٹیکنالوجی جیسااہم شعبہ بھی حکومتی سرپرستی سے خالی نظرآتاہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹرمرادنے ریسرچ کے حوالے سے پالیسی بنانے پرزوردیا اورحکومت کوتجویزپیش کی سرکاری وغیرسرکاری اداروں ،سکول سے لے کریونیورسٹی لیول تک ریسرچ کے لیے فنڈزمختص کیے جائیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹرمجاہد کامران نے انووینشن سے انوویشن کاآئڈیادینے اوراس کوعملی جامہ پہنانے پریوایم ٹی کے ڈائریکٹرجنرل عابدایچ کے شیروانی کی کاوشوں کوسراہا۔واضح رہے کہ صنعتی نمائش کااگلاراؤنڈیوایم ٹی میں ہوگا جس میں مخٹلف تعلیمی اداروں جیسے نسٹ،مہران یونیورسٹی،یوایم ٹی،جی سی یو،یوای ٹی اورپنجاب یونیورسٹی دیگرملک بھرسے بزنس پلان کے ساتھ ساتھ تحقیقی مقالہ جات پیش کیے جائیں گے اور ورکشاپس کاانعقادبھی کیاجائے گا۔