عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے ناصر باغ میں سول ڈیفنس لاہور کی جانب سے تقریب کا انعقاد

سول ڈیفنس کے رضا کاروں کے ایک چاک و چوبند دستے نے مہمانان گرامی کو سلامی پیش کی ،پیر یڈ کا معائنہ کرایا

بدھ 2 مارچ 2016 17:25

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) عالمی یوم شہری دفاع کے حوالے سے ایک اہم تقریب ناصر باغ میں سول ڈیفنس لاہور کی جانب سے منعقد کی گئی۔ تقریب کے خصوصی مہمان خواجہ احمدحسان، ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان تھے۔ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے شرکت کی۔سول ڈیفس کے رضا کاروں کے ایک چاک و چوبند دستے نے مہمانان گرامی کو سلامی پیش کی اور پیر یڈ کا معائنہ کرایا۔

اس موقع پر ڈی او سول ڈیفنس لاہور ملک صداقت نے محکمہ سول ڈیفنس لاہور کی کارکردگی پیش کی اور کہا کہ سول ڈیفنس کے رضا کار رمضان بازاروں ، سیکیورٹی، پولیو، ڈینگی اور دیگر مقامات پر اپنی ڈیوٹیاں سر انجام دے رہے ہیں اور شہر میں آگ لگنے کے واقعات کے علاوہ عمارتوں کے گر جانے کے واقعات میں رضاکار دیگر اداروں کے ساتھ ملکر بھر پور حصہ لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان اور خواجہ احمدحسان نے کہا کہ شہری دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے محکمہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کی خدمات ہماری تاریخ کا حصہ ہیں اور1971اور1965کی جنگ میں رضاکاروں نے بھر پور کام کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب بھی محکمہ سول ڈیفنس کے رضا کاروں کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لئے کام کر رہے ہیں۔

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان نے مزید کہا کہ شہر میں آنے والی ہر ناگہانی صورتحال پر انہوں نے محکمہ سول ڈیفنس کے رضاکاروں کو اپنے ہمراہ پایا ہے۔بعد ازاں ناصر باغ سے لیکر ٹاؤن ہال تک ریلی کا اہتمام کیا گیا جس کی قیادت ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان اور خواجہ احمدحسان نے کی۔ٹاؤن ہال میں مہمانان گرامی کو سول ڈیفنس کی طرف سے فائر سیفٹی ، سیکیورٹی اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی طرف سے لگائی گئی نمائش کا بھی معائنہ کرایا گیا۔

متعلقہ عنوان :