پاکستان اسلام کے نا م پر بنا ہے جس کی نظریاتی شناخت کوئی ختم نہیں کر سکتا ،زبیر فاروق خان

حکومت کے اقدام سے دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں، ملک کی نظریاتی شناخت قائم رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد

بدھ 2 مارچ 2016 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی زبیر فاروق خان نے کہا کہ حکمرانوں نے غازی ممتاز قادری کو سولی پرلٹکا کر عوام کی نفرت کا پھندا اپنے گلے میں ڈال لیا ہے ۔ عوام حکمرانوں کی اس گستاخی کو معاف نہیں کریں گے اور انشاء اللہ قوم متحد ہو کر حکمرانوں سے غازی ممتاز قادری کی شہادت کا بدلہ ضرور لے گی ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نا م پر بنا ہے جس کی نظریاتی شناخت کوئی ختم نہیں کر سکتا ۔انھوں نے کہا حکومت کے اس اقدام سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں،درحقیقت یہ ایک غیر ملکی ایجنڈہ ہے اور اسلام کے خلاف بہت بڑی سازش ہے۔ دینی و مذہبی جماعتوں کو بھی اب متحد ہو کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔زبیر فارو ق خان نے کہا ساری دنیا میں مجرموں کو کھلے عام پھانسی دی جاتی ہے ، اسلام کی تو روح بھی یہی ہے مگر یہ سزا چوروں کی طرح رات کی تاریکی میں دے دی گئی جو کہ خود اس کا اظہار ہے کہ شہید ممتاز قادری مجرم نہیں بلکہ ہیرو تھا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا عوام حکمرانوں کے مغربی ایجنڈے اور کلمہ طیبہ کی بنیاد پر حاصل کئے گئے ملک کو سیکولر اور لبرل بنانے کی سازشوں سے باخبر ہیں اور وہ ملک کی نظریاتی شناخت کو قائم رکھنے کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔