متروکہ وقف املاک بورڈ کی 50لاکھ روپے مالیت کی 7کنال قیمتی اراضی پر قائم ناجائز تعمیرات گرا کر زمین واگزار کروا لی گئی

قابضین نے ٹرسٹ بورڈ کا عملہ پر فائرنگ بھی کی ،عملہ محفوظ رہا ،مزاحمت اور فائرنگ کرنے پر متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا اراضی واگزار کروانے والے عملہ کو بورڈ سے منظوری کے بعد نقد انعام دیا جائے گا، ٹرسٹ بورڈ کی اراضی پر ناجائز قابضین ے خلاف آپریش بلا خوف و خطر جاری رہیں گے ‘صدیق الفاورق

بدھ 2 مارچ 2016 17:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاورق کی خصوصی ہدایا ت پر 50لاکھ روپے مالیت کی 7کنال قیمتی اراضی پر قائم ناجائز تعمیرات گرا کر زمین واگزار کروا لی گئی ،چیئرمین کے حکم پر جب ٹرسٹ بورڈ کا عملہ چار دیواری گرانے کے لیے موقع پر پہنچا تو قابضین نے ان پر فائرنگ کر دی تاہم عملہ محفوظ رہا جس پر پولیس کو اطلاع کی گئی اور مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ،تفصیلات کے مطابق ضلع شیخو پورہ کے موضع مدہ والا کلاں میں ٹرسٹ بورڈ 7کنال زرعی اراضی پر ناجائز قابضین نے نہ صرف قبضہ کیا بلکہ پختہ تعمیرات بھی کر رکھی تھیں اور مختلف شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر ننکانہ محمد اسحاق نے بورڈ کے دیگر عملہ کے ہمراہ موقع پر پہنچ کر تمام حالات چیئرمین کو آگاہ کر کے انکے حکم سے ناجائز قابضین سے ٹرسٹ بورڈ کی اراضی واگزار کروانے کے لیے کاروائی شروع کی تو ذوالفقار علی نامی شخص اور اسکے دیگر ساتھیوں نے مزاحمت کے ساتھ ساتھ فائزنگ شروع کر دی ،جس پر فوری طور پر مقامی پولیس کی اطلاع دی گئی جس پر تھانہ صدر شیخو پورہ کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر فائرنگ و مزاحمت کرنے والے افراد کو گرفتار کر کے اپنی قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا ہے جبکہ ٹرسٹ بورڈ نے زرعی اراضی پر غیر قانونی تعمیرات کرنے پر پٹہ داری بھی منسوخ کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین بورڈ صدیق الفاورق نے کہا ہے کہ ٹرسٹ بورڈ کی اراضی پر ناجائز قابضین ے خلاف آپریش بلا خوف و خطر جاری رہے گا اور کسی قسم کا دباؤ قابل قبول نہیں ہو گا ،انہوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر اراضی واگزار کروانے پر ڈپٹی ایڈمنسٹرٹر محمد اسحاق سمیت دیگر عملے کی حوصلے کی داد دیتے ہوئے کہا کہ بورڈ سے منظوری کے بعد عملہ کو نقد انعام بھی دیا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :