آرمی چیف کا تاجکستان سے واپسی پر کابل میں مختصر قیام ، افغان صدر اور امریکی عسکری قیادت سے ملاقاتیں،پاک فوج افغانستان میں امن واستحکام کیلئے بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔جنرل راحیل شریف ۔۔افغان قیادت کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی کامیابیوں کی تعریف ، خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستانی فوج کا کردار قابل تحسین ہے۔اشرف غنی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 2 مارچ 2016 14:55

آرمی چیف کا تاجکستان سے واپسی پر کابل میں مختصر قیام ، افغان صدر اور ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 02 مارچ 2016ء) :چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے پاک فوج کی بھرپور اور مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے افغان سیاسی قیادت اور امریکی فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں کے دور ان خطے کی سکیورٹی اور بارڈر مینجمنٹ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے بدھ کو تاجکستان سے واپسی پر افغانستان کے دارالحکومت کابل میں مختصر قیام کیا اس موقع پر انہوں نے امریکی اتحادی افواج کی چینج آف کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کے علاوہ افغان صدر اشرف غنی سے بھی صدارتی محل میں ملاقات کی ۔

جنرل راحیل شریف نے کابل میں موجود امریکی فوجی قیادت سے بھی الگ ملاقاتیں کیں جن میں چیف آف جائنٹ سٹاف جنرل ڈن فورڈ ، سینٹ کام کے جنرل آسٹن اور اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل نیکولسن شامل تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں کے دور ان خطے کی سکیورٹی ، بارڈر مینجمنٹ ، شوال آپریشن کے دوران پاکستانی علاقے سے فرار ہو کر افغانستان بارڈر کراس کر نے والے دہشتگردوں کو روکنے کیلئے کوآرڈینیشن جیسے امور زیر غور لائے گئے۔

ملاقاتوں کے دور ان چار ملکی رابطہ گروپ کے فریم ورک کے ذریعے افغانستان میں مفاہمتی عمل کی غرض سے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آئینگے، چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے اپنی بھرپور اور مکمل حمایت کا اعادہ کیا ۔ افغان قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاک فوج کی کوششوں اور کامیابیوں کو سراہا اور خطے میں امن اور استحکام کیلئے پاکستانی فوج کے کردار کی تعریف کی۔