کوہاٹ ٹریفک پولیس موٹر ڈرائیونگ سکول کے زیر اہتمام 24واں ماہانہ کورس اختتام پذیر

بدھ 2 مارچ 2016 12:46

کوہاٹ۔02 مارچ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 مارچ۔2016ء )کوہاٹ ٹریفک پولیس موٹر ڈرائیونگ سکول کے زیر اہتمام 24واں ماہانہ کورس اختتام پزیر ہوگیا۔ ڈرائیونگ کورس میں 4 خواتین سمیت 65 افراد نے حصہ لیا ۔ج دید خطوط پر ڈرائیونگ سیکھنے والے کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کئے گئے۔اس حوالے سے ٹریفک پولیس موٹر ڈرائیونگ سکول کوہاٹ میں ایک تقریب کا انعقاد کیاگیا جسمیں کمپیوٹرائزڈ اور عملی ڈرائیونگ کی ایک ماہ کا کورس مکمل کرنے والے خواتین و حضرات نے شرکت کی ۔

اس موقع پر انچارج ڈرائیونگ سکول عرب جان نے کورس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ پر اعتماد انداز ڈرائیونگ کو اپناتے ہوئے ٹریفک قوانین کی عملداری کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ ڈرائیونگ کے دوران صبر و تحمل کا مظاہرہ کرکے سڑک پر بچوں،بوڑھوں اور خواتین کا خاص خیال رکھیں اور ڈرائیونگ اصولوں کومد نظر رکھتے ہوئے ٹریفک اشاروں کی تعمیل میں کسی بھی قسم کی غفلت کا ہر گز مظاہرہ نہ کیا جائے تاکہ ٹریفک حادثات پر کنٹرول ممکن بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہریوں کوقواعد و ضوابط کے مطابق ڈرائیونگ سیکھنے کی بہترین سہولتیں مہیا کرنے میں ٹریفک پولیس موٹر ڈرائیونگ سکول کا کردار مسلمہ ہے کیونکہ اس ادارے سے ڈرائیونگ سیکھ کرفارغ ہونے والے افراد ٹریفک نظام کی بہتری میں بھی پولیس کے شانہ بشانہ اپنا رول ادا کر رہے ہیں۔تقریب کے آخر میں موٹر ڈرائیونگ سکول کے انچارج عرب جان اور پی آر او ٹو ڈی پی اوکوہاٹ فضل نعیم نے کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کئے۔