کسی پنجابی فلم میں اداکاری کی خواہش ہے مگر افسوس اب پنجابی فلموں کا سنہری دور کبھی واپس نہیں آسکتا ‘ نرما

بدھ 2 مارچ 2016 12:29

کسی پنجابی فلم میں اداکاری کی خواہش ہے مگر افسوس اب پنجابی فلموں کا ..

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 مارچ۔2016ء) اداکارہ و ماڈل نرما نے کہا ہے کہ میری بڑی خواہش ہے کہ میں دوبارہ سے کسی پنجابی فلم میں اداکاری کروں مگر افسوس ہے کہ پنجابی فلموں کو زوال آچکا ہے اور اب پنجابی فلموں کا سنہری دور کبھی واپس نہیں آسکتا ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں اناڑی اور جاہل پروڈیوسروں نے پنجابی فلموں میں فحاشی کو پرموٹ کر کے انڈسٹری کو بدنام کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ہمارے ملک میں سید نور ، حسن عسکری ، جونی ملک اور فیصل بخاری جیسے منجھے ہوئے باصلاحیت لوگ موجود ہیں مگر فنانسروں کی شدید کمی کے باعث زیادہ تعدادمیں پروڈکشن نہیں ہو رہی ہے ۔ اس کے ساتھ لاہور میں تو شوبز سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہیں کیونکہ زیادہ کام کراچی میں ہو رہا ہے اور فنکار بھی اپنے بقاء کی جنگ لڑ رہے ہیں ۔ انہوں نے مزیدکہا کہ سینما گھروں کو بھی گرا کر شاپنگ پلازوں میں تبدیل کیا جا رہا ہے جس کے باعث کوئی نیا فنانسر فلم بنانے کی ہمت نہیں کرتا ۔ ایک سوال کے جواب میں نرما کا کہنا تھا کہ گھریلو مصروفیات کے باعث فی الحال شوبز سے کنارہ کشی اختیار کی ہے بہت جلد واپسی ہو گی ۔