بلدیاتی نمائندے خدمات تک رسائی کے قانون کے حوالے سے اپنے حلقوں کے عوام میں شعور بیدار کریں،میاں جمشیدالدین

خدمات تک رسائی قانون کے نفاذ کے بعد صوبے میں عوامی خدمات کی فراہمی میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے، عظمت حنیف اورکزئی

منگل 1 مارچ 2016 21:34

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) خدمات تک رسائی جیسے عوام دوست قوانین کے ذریعے پی ٹی آئی کی حکومت خیبر پختونخواکے عوام سے کیا گیا صوبے میں تبدیلی لانے کا وعدہ پورا کرچکی ہے ۔ یہ بات صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین نے نوشہرہ میں کمیشن برائے خدمات تک رسائی کے زیر اہتمام بلدیاتی نمائندگان کیلئے منعقد آگاہی سیمنار کے شرکاء سے خطاب کے دوران کہی۔

صوبائی وزیر نے اپنے خطاب میں منتخب بلدیاتی نمائندوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ خدمات تک رسائی کے قانون کے حوالے سے اپنے حلقوں کے عوام میں شعور بیدار کریں تاکہ عوام صحیح معنوں میں اس قانون سے مستفید ہو سکیں ۔اس سے پہلے چیف کمشنر کمیشن برائے خدمات تک رسائی عظمت حنیف اورکزئی نے خدمات تک رسائی کے قانون اور اسکے تحت صوبائی حکومت کی اعلان کردہ عوامی خدمات کے بارے میں سیمینا ر کے شرکاء کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر نے اپنی بریفنگ کے دوران بتایا کہ خدمات تک رسائی قانون کے تحت اب عوام کو تھانوں میں ایف آئی آر ، پٹوار خانوں سے جائیداد کا فرد ، ہسپتالوں میں علاج کیلئے ٹائم مقرر کردیاگیا ہے اور قانون کے نفاذ کے کیلئے کمیشن برائے خدمات تک رسائی تمام دستیا ب وسائیل بروئے کار لا رہا ہے اور مختلف اضلاع میں آگاہی سیمیناروں کا انعقاد عوام میں قانون کے حوالے سے شعور بیدار کرنے کی ایک کڑی ہے۔

اس موقع پر شرکاء کو چارٹ کی مدد سے بتایا گیا کہ مختلف اضلاع سے موصول ہونے والی رپورٹ کے مطابق خدمات تک رسائی قانون کے نفاذ کے بعد صوبے میں عوامی خدمات کی فراہمی میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ سیمینا ر میں موجود ڈپٹی کمشنر نوشہرہ افتخار عالم نے بھی عوام کو قانون سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔ سیمینار کے آخر میں بلدیاتی نمائندوں ، میڈیا اور عام شہریوں نے قانون کے حوالے سے سوالات پوچھے جن کے جواب چیف کمشنر خدمات تک رسائی کمیشن ، ڈپٹی کمشنر نوشہرہ اور پولیس حکام نے دے کر قانون کی افادیت کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :