چینی کمپنی کا ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، صاف پانی کی فراہمی اور واسا کی استعدادکار میں اضافے کیلئے پنجاب حکومت کیساتھ تعاون میں دلچسپی کا اظہار

پینے کا صاف پانی ہر شہر ی کا بنیادی حق ہے،پنجاب حکومت ہر صورت یہ حق شہریوں کو دیگی وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب

منگل 1 مارچ 2016 21:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پینے کے صاف پانی تک رسائی ہر شہر ی کا بنیادی حق ہے۔پنجاب حکومت ہر صورت یہ حق شہریوں کو دے گی اوراس مقصد کے حصول کیلئے پنجاب حکومت ایک بڑے پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے تحت صوبے بھر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جائیں گے۔پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ سیوریج نظام میں بہتری ،واسا کی استعداد کار میں اضافے اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کا تقاضا ہے اوراس ضمن میں پنجاب حکومت واٹرسیکٹر سے وابستہ چین کی معروف کمپنی کے تجربے اورمہارت سے استفادہ کرنے کی خواہاں ہے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولتیں میسر آسکیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار آج سول سیکرٹریٹ میں ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

واٹر سیکٹر سے وابستہ چین کی معروف کمپنی کے اعلیٰ حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔چین کی کمپنی کے حکام نے پنجاب میں ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج نظام ، واسا کی کارکردگی بہتر بنانے اور استعدادکار میں اضافے میں تعاون پر دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ اس ضمن میں ہرممکن تعاون کیلئے تیار ہیں۔

چینی کمپنی نے پنجاب میں محکمہ آبپاشی کے جاری مختلف پروگرامز پر تیزرفتاری سے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ سیوریج نظام میں بہتری ،واسا کی استعداد کار میں اضافے اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کیلئے انفرادیت اورجدت کو اپناتے ہوئے آگے بڑھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی سے نہ صرف گندے پانی سے ہونے والے امراض سے محفوظ رہا جاسکتا ہے بلکہ اس مسئلے کو جدید ٹیکنالوجی سے استعمال کے ذریعے حل کر کے ایک بنیادی ذمہ داری بطریق احسن ادا کی جاسکتی ہے لہذاتمام متعلقہ محکموں کو فعال انداز میں متحرک کردارادا کرنا ہوگاکیونکہ شہریوں تک پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پنجاب کے بڑے شہروں میں واسا سمیت متعلقہ اداروں کی استعدادکار میں اضافہ کرنا ضروری ہے تاکہ شہریوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے ۔انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں آگے بڑھنا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین پاکستان کا انتہائی مخلص اور بااعتماد دوست ہے۔ پینے کے صاف پانی کی فراہمی، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ، سیوریج نظام، واسا کی بہتری اور استعدادکار میں اضافہ کیلئے چین کے تجربے سے استفادہ کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں فریم ورک مرتب کیا جائے اورفوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ تنویر اسلم ملک، ایم پی اے چوہدری شہباز احمد، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز ،کمشنر لاہور ڈویژن اور اعلیٰ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔خواجہ احمد حسان اورڈی سی او لاہورماڈل ٹاؤن سے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :