کھیل ذہنی و جسمانی نشونما اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں،پرویزخٹک

صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پہلی بار کھیلوں کے فروغ کیلئے 7کروڑ 40لاکھ روپے رکھے گئے ہیں ، 4ارب روپے لاگت سے صوبے کی 75تحصیلوں میں گراؤنڈز تعمیر کئے جارہیں ہیں ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

منگل 1 مارچ 2016 20:22

کھیل ذہنی و جسمانی نشونما اور صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔یکم مارچ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کھیل ذہنی و جسمانی نشونما کے ساتھ قائدانہ صلاحیتوں کو نکھار کر صحت مند معاشرے کے قیام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں قیوم سٹیڈیم میں پشاور یونیورسٹی اور ہائیر ایجوکیشن کے زیر اہتمام آل پاکستان بین الجامعات اتھیلٹکس چمپین شپ کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیر کھیل و ثقافت محمود خان وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم مشتاق احمد غنی، وائس چانسلر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر رسول جان، ڈائریکٹر جنرل ہائیر ایجوکیشن کمشن فرمان اﷲ کے علاوہ نامور کھلاڑیوں نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملک کی 36یونیورسٹیوں سے کھلاڑی سہ روزہ چیمپئن شپ میں مختلف مقابلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے چمپئن شپ کا باضابطہ افتتاح کیا۔

وزیراعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل تفریح اور مسرت کے ساتھ مثبت اور صحت مند مسابقت کا جذبہ بیدار کرنے کے علاوہ تعلیم کیلئے سازگار ماحول پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل نوجوانوں کو ہر قسم کے حالات سے نمٹنے اور مشکلات کا مردانہ وار مقابلہ کرنے کے قابل بناتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جو قومیں کھیلوں کے فروغ پر توجہ دیتی ہیں ان کے شفا خانے اور جیل خانے خالی رہتے ہیں۔

انہوں نے بین الجامعات کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ مقابلے قومی ہم آہنگی پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام میں پہلی بار کھیلوں کے فروغ کیلئے 7کروڑ 40لاکھ روپے رکھے گئے ہیں جبکہ 4ارب روپے کی لاگت سے صوبے کی 75تحصیلوں میں گراؤنڈز تعمیر کئے جارہیں ہیں جن میں سے 25گراؤنڈز جلد مکمل ہو جائیں گے۔

اسی طرح 4کروڑ روپے کی لاگت سے کھیلوں کا سامان کھلاڑیوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے جبکہ باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش کیلئے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ کرکٹ اکیڈمی کے قیام کی منظوری کے ساتھ ایبٹ آباد میں 202ملین روپے کے خرچ سے سپورٹس جمنیزیم کی تعمیر کی منظوری دی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی بحالی کیلئے 700ملین روپے مختص کرنے کے ساتھ نوشہرہ میں 20کروڑ روپے کی لاگت سے عالمی معیار کا سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے میدانوں کی بحالی پر 300ملین روپے خرچ کئے جا رہے ہیں جبکہ بنوں اور کوہاٹ میں ہاکی ٹرف کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر پشاور یونیورسٹی میں ٹورٹن ٹریک کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے 800میٹر ریس کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کرنے کے علاوہ امجد عزیز ملک کو ایشیا سپورٹس جنرلسٹ فیڈریشن کا جنرل سیکرٹری منتخب ہونے پر شیلڈ بھی دی۔

متعلقہ عنوان :