پنجاب اسمبلی میں تحفظ خواتین بل کی منظوری

علماء ومشائخ کا قومی کنونشن 27مارچ کو اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں طلب

منگل 1 مارچ 2016 18:51

اسلام آباد، اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم مارچ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں تحفظ خواتین بل کی منظوری پاکستان کو لبرل سٹیٹ بنانے کا منصوبہ ہے اس قسم کے تمام غیر اسلامی اقدامات کے خاتمے کیلئے ملی یکجہتی کونسل نے علماء ومشائخ کا قومی کنونشن 27مارچ کو اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں طلب کرلیا ہے یہ بات ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی صدر سابق ایم این اے صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کے دوران بتائی اجلاس میں پیر وسیم الحسن نقوی، مفتی طاہر تبسم قادری، صاحبزادہ عارف نعیم نوری ، پیر واجد علی شاہ ودیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہاکہ حکمران یورپ اور یہودونصارٰی کو خوش کرنے کیلئے اتنے بے چین ہیں کہ قرآن وسنت کے احکامات کو تسلسل کے ساتھ پس پشت ڈال رہے ہیں۔ایسے محسوس ہوتا ہے کہ اس بل کے ذریعے معاشرے میں برائی کو موجودہ حکمران مذید تقویت دینا چاہتے ہیں۔ملک میں پہلے سے موجودہ قوانین پر عمل درآمد کرکے ہی بہتری لائی جاسکتی تھی۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کو الله سے ڈرنا چاہیے اور اگر اس بل کو فوری واپس نہ لیا گیا تو آئندہ کا لائحہ عمل علماء ومشائخ کے قومی کنونشن میں کیاجائیگا۔