پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کی کوئٹہ کی تین کیبل ٹی وی کے لائسنس منسوخ اور ہم ٹی وی کو غیر اخلاقی مواد نشر کرنے پر معافی نشر کرنے کی ہدایت

منگل 1 مارچ 2016 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم مارچ۔2016ء) پیمرا کونسل آف کمپلینٹس کوئٹہ نے پروفیسر آغا محمد ناصر کی زیر صدارت اپنے 32ویں منعقدہ اجلاس میں تین غیر فعال کیبل ٹی وی لائسنسوں کو منسوخ کرنے کی سفارش کر دی ۔ تفصیلات کے مطابق میسرز جھاندراں کیبل ٹی وی نیٹ ورک ڈسٹرکٹ کوہلو، میسرز ھوشاب کیبل ٹی وی نیٹ ورک ڈسٹرکٹ کچھ اورمیسرز راجہ جی کیبل ٹی وی نیٹ ورک ڈسٹرکٹ سبی پیمرا سے لائسنس حاصل کرنے کے باوجود اپنے نیٹ ورکس فعال نہ کر سکے جسکی بنا ء پر پیمرا قوانین کے تحت ان کی منسوخی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

ہم ٹی وی کیخلاف غیر اخلاقی مواد نشر کرنے کی شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے مذکورہ چینل کو غیر اخلاقی مواد نشر کرنے اور ناظرین کی دل آزاری کرنے پر معافی نشر کرنے کی ہدایت کی ہے۔

(جاری ہے)

کونسل کے فیصلہ کے مطابق معافی نشر نہ کرنے کی صورت میں ہم ٹی وی کیخلاف پیمرا قوانین کے تحت مزید کاروائی عمل میں لائی جائے ۔کونسل نے پیمرا کو تمام ٹی وی چینلز کو ہدایت نامہ جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ ٹی وی چینلز کو ضابطہٴ اخلاق کے مطابق پابند کیا جائے کہ وہ کوئی ایسا مواد نشر نہ کریں جس سے ناظرین کی دل آزاری ہو۔

میسرز کاٹ کول پرائیویٹ لمٹیڈ کو زیارت شہر کیلئے دیئے گئے ایف ایم ریڈیو (95.4 MHz)کی غیر فعالی کی شکایت کی سماعت کرتے ہوئے کونسل نے متعلقہ مالکان کو فی الفور نشریات شروع کرنے کے احکامات دیتے ہوئے کہا کہ مزید خلاف ورزی کی صورت میں ان کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت لائسنس کی منسوخی کی کاروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اجلاس میں دیگر کونسل ممبران بشمول ڈاکٹر راشدہ پانیزئی، ایڈووکیٹ میر عطاء الله لانگو، موسیٰ خان کاکڑ اور راحت علی (ریجنل جنرل منیجر/سیکریٹری کونسل ) بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :