ممتاز قادری کے جنازے کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ‘ اضافی نفری تعینات

منگل 1 مارچ 2016 14:43

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء) سابق گور نر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق پولیس اہلکار ممتاز قادری کے جنازے کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ‘ راولپنڈی کو جانے والے تمام داخلی و خارجی راستوں پر اضافی نفری تعینات رہی ‘ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کیلئے متبادل پلان تشکیل دینے جانے کے باوجود شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا تفصیلات کے مطابق سابق گور نر پنجاب سلمان تاثیر کے قتل کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق پولیس اہلکار ممتاز قادری کے جنازے کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔

اس موقع پر شہر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات رہی ‘ شہر کی اہم شاہراہوں اور لیاقت باغ کی طرف جانے والے راستوں کو کنٹینر لگا کر بند کر دیا گیا منگل کو راولپنڈی کی مقامی تاجر تنظیموں کی جانب سے شہر میں دکانداروں سے کاروبار بند رکھنے کی اپیل کی گئی ہے ‘ شہر میں تعلیمی ادارے بھی بند رہے ۔

(جاری ہے)

دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ریڈ زون کی طرف جانے والے راستے سِیل کر دیے گئے ہیں ‘ سکول اور دکانیں بھی بند رہیں۔بی بی سی کے مطابق پوولیس نے پیر کی شب بڑی تعداد میں ایسے افراد کو حراست میں لیا ہے جو جنازے میں شرکت کے لیے وسطی پنجاب کے مختلف علاقوں سے راولپنڈی آ رہے تھے۔