قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کی ذیلی کمیٹی کااجلاس ،افغانستان کی صورتحال سے آگاہی کیلئے سیکرٹری خارجہ طلب

منگل 1 مارچ 2016 14:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم مارچ۔2016ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ کی ذیلی کمیٹی نے افغانستان میں تازہ ترین صورتحال اور پاکستان افغانستان کے درمیان خارجہ امور کے بارے میں آگاہی کے لئے دفتر خارجہ کے سیکرٹری سے اگلے اجلاس میں بریفنگ طلب کرلی‘ کمیٹی نے پاکستان کی افغانستان کے بارے میں طویل المدت خارجہ پالیسی کی تشکیل کے لئے سفارشات کی تیاری کے حوالے سے غور کیا‘ کمیٹی نے پاکستان اور افغانستان کے ایک دوسرے کے بارے میں تحفظات اور اعتماد کا فقدان ختم کرنے کے حوالے سے سفارشات کی تیاری پر غور کیا گیا۔

منگل کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے کنوینئر آفتاب احمد شیرپاؤ کی صدارت میں ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈاکٹر شیریں مزاری‘ نعیمہ کشور خان اور مخدوم خسرو بختیار اور وزارت خارجہ کے حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کی افغانستان کے بارے میں خارجہ پالیسی کے حوالے سے پالیسی سفارشات کی تیاری کے حوالے سے بحث کی گئی۔

کمیٹی نے افغانستان کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال سے آگاہی اور خارجہ امور پر بریفنگ کے لئے خارجہ سیکرٹری سے بریفنگ طلب کرلی۔ دفتر خارجہ حکام نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتا ہے جو دونوں ملکوں کے مفاد میں ہوں۔ اجلاس میں سفارشات کی تیاری کے حوالے سے غور کیا گیا۔ پاکستان اور افغانستان کے ایک دوسرے کے بارے میں تحفظات کیسے دور ہوسکتے ہیں اور اعتماد کا فقدان کیسے ختم کیا جاسکتا ہے اس حوالے سے سفارشات تیار کرکے کمیٹی کو بھجوائی جائیں گی ۔

متعلقہ عنوان :