پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے،گورنر سندھ

ڈاکٹر عشرت العباد خان کی سندھ میں کان کنی اور کھاد کے شعبے میں دلچسپی رکھنے والے چینی گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو

پیر 29 فروری 2016 21:52

کراچی ۔ 29 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 فروری۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، یہ راستوں کا نیٹ ورک ہی نہیں بلکہ اقتصادی، سماجی اور معاشی سنگ میل بھی ہے، راہداری کی تکمیل کے بعد پاکستان اقتصادی و معاشی میدان میں تیز ترین ترقی کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو جائے گا اور اس سے شرح نمو میں اضافہ، افراط زر میں کمی اور روزگار کے وسیع مواقع میسر آئیں گے، چین کے سرمایہ کاروں کی صوبہ سندھ میں کان کنی اور کھاد کے شعبے میں سرمایہ کاری خوش آئند ہے، کامیاب آپریشن ضرب عضب کے بعد ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں چین کے جن چینگ اینتھراسائیٹ مائننگ گروپ لیمیٹڈ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چین کا یہ گروپ ان دنوں صوبہ سندھ میں کوئلے کی کان کنی اور کھاد کے شعبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کے لئے آیا ہوا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام پاکستان سے اور پاکستان کا امن و استحکام کراچی کے امن و استحکام سے وابستہ ہے، نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری آپریشن ضرب عضب سے دنیا میں پاکستان ایک پرامن ملک کے طور پر پہچانا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام سے بیرونی سرمایہ کاروں کا رجحان تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا اقتصادی حب ہے، یہاں کے ہر شعبہ میں بھرپور استعداد موجود ہے، یہی وجہ ہے کہ یہاں سرمایہ کاری یقینی منافع کی ضمانت بھی ہے۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العباد خان نے چین کے سرمایہ کار گروپ کو صوبہ سندھ میں ون ونڈو آپریشن کی پیشکش بھی کی۔

واضح رہے کہ گورنر ہاؤس سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے تاکہ سرمایہ کار صوبہ اور شہر میں وسیع پیمانے پر باآسانی سرمایہ کاری کر سکیں۔ اس موقع پر وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ ان کا گروپ چین کا ایک سر فہرست گروپ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالانہ آمدنی کے لحاظ سے دنیا کے500 گروپ میں اس گروپ کا 70 واں نمبر ہے، یہ گروپ دنیا بھر میں کان کنی اور کھاد کے شعبے میں بھرپور سرمایہ کاری کررہا ہے اور صوبہ سندھ میں بھی اسی مقصد کے لئے آیا ہے، اس ضمن میں گروپ نے صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کے لئے اپنی ترجیحات طے کر لی ہے، بہت جلد صوبہ میں ان شعبہ جات میں بھرپور سرمایہ کاری یقینی بنائیں گے۔