یواے ای کے تاجروں نے آسکر ایوارڈ کی جیت کو پاکستان کے لیے خوش آئند قرار دے دیا

ایوارڈ کے حصول سے دنیا کو مثبت پیغام ملا،غیرملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوگا،سہیل محمد الزرعونی

پیر 29 فروری 2016 19:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) متحدہ عرب امارات کے تجارتی گروپ کے سربراہ اور الزرعونی فاؤنڈیشن کے چیئرمین سہیل محمد الزرعونی نے شرمین عبید چنائے کو دستاویزی فلم’’دی گرل اِن دی ریور‘‘ کے لیے آسکر ایوارڈ حاصل کرنے پر حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کی ہے اور اس اعزاز کو پاکستانی قوم کے لیے باعث فخر قرار دیا ہے۔

الزرعونی پیلس سے جاری حکومتِ پاکستان کے نام پیغام میں انہوں نے کہاکہ شرمین عبید چنائے نے دوسری بار آسکر ایوارڈ جیت کر یہ ثابت کردیا کہ پاکستانی قوم صلاحیت سے مالا مال ہے اور کاروباری شعبہ ہو یا پھر کوئی اور شعبہ یہ قوم اپنے ملک کا نام روشن کرنا خوب جانتی ہے۔سہیل محمد الرزعونی نے کہاکہ شرمین عبید چنائے کے آسکر ایوارڈ جیتنے سے دنیا کو پاکستان کے بارے میں ایک مثبت پیغام پہنچا ہے جس سے یقینی طور پر بیرونی دنیا میں نہ صرف پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہو گا بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کا کھویا ہوا اعتمادبھی بحال کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ غیرملکی تاجرو سرمایہ کار پاکستان میں جوائنٹ وینچرز اور اپنا سرمایہ لگانے کے خواہش مند ہیں لیکن مغربی میڈیا کے جانب سے یہاں کے حالات کے بارے میں منفی پروپیگنڈا سے اُن کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے تاہم اب پاکستان کے حالات بہتر ہورہے ہیں جس سے آنے والے وقت میں ایک بار پھر غیر ملکی تاجر یہاں کاروبار و سرمایہ کاری کی طرف راغب ہوں گے جو کہ ملکی معیشت کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے میں مددگار ثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :