حکومت فرائض کی ادائیگی میں غفلت کرے گی تو عوام بھی ٹیکس ادا کرنے میں لیت ولعل سے کام لیں گے،فاروق احمد خان

پیر 29 فروری 2016 19:25

بہاولپور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 فروری۔2016ء) حکومتی ادارے عوام کے ٹیکسوں سے چلتے ہیں۔عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا سرکاری محکموں کا فرض ہے۔اگر حکومت اپنے فرائض ادا کرنے میں غفلت کرے گی تو عوام بھی ٹیکس ادا کرنے میں لیت ولعل سے کام لیں گے۔اس طرح ریاستی امور چلانا مشکل ہو جائے گا۔ضروری ہے کہ حکومت عوام سے جائز ٹیکس لے اورانہیں بنیادی سہولیات فراہم کرکے اپنی ذمہ داری بھی پوری کرے۔

ان خیالات کا اظہار چولستان ڈویلپمنٹ کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فاروق احمد خان نے یونین کونسل نمبر 14بہاولپور میں "سٹیزن فرسٹ" پروگرام کے تحت بنیادی سہولیات بارے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہاکہ پاکستان ہم سب کا وطن ہے۔اس کی تعمیر وترقی عوام کی اپنی تعمیر و ترقی ہے۔

(جاری ہے)

ملک مستحکم ہو گا تو یہاں کے لوگ بھی مضبوط ہوں گے۔

عوام سرکاری محکموں سے اپنے حقوق ضرور طلب کریں مگر اس کے ساتھ ساتھ ان سرکاری اداروں کے ہاتھ بھی مضبوط کریں تاکہ وہ عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت سرانجام دے سکیں۔ محتر مہ رضیہ ملک نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج کامشاورتی اجلاس مقامی مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لئے لائحہ عمل کی تیاری کے لئے منعقد کیا گیا ہے۔ہم سب مل کر آگے بڑھیں گے تو ریاستی اداروں کو ہمارے مسائل حل کرنا ہی ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہاکہ خواتین کے تحفظ کے لئے جو قانون سازی کی گئی ہے وہ حکومت کا احسن اقدام ہے۔ اقبل ازیں مشاورتی اجلاس میں شریک ماہر تعلیم قاسم معصومی اور دیگر مقامی افراد انعم آصف،حاجرہ اسماعیل،امام بخش،کنیز بی بی نے علاقے میں بنیادی سہولیات کے بارے میں مشاورت کرتے ہوئے نشاندہی کی کہ ان کے علاقے میں سرکاری تعلیمی اداروں کی کمی ہے۔

خاص طور پر طالبات کے لئے ہائی سکول نہ ہونے سے انہیں حصول علم کے لئے کافی سفر کرنا پڑتاہے۔اس کے علاوہ سیوریج کا مکمل نظام نہ ہونے سے صحت و صفائی کے مسائل پیش آتے ہیں جبکہ سرکاری سطح پر ڈسپنسری نہ ہونے سے انسانی صحت کے معاملات سنگین ہیں۔اہل علاقہ نے محکمہ تعلیم ،ٹی ایم اے اور محکمہ صحت کے سربراہان سے مطالبہ کیاکہ وہ جلد ازجلد اصلاح احوال کے لئے اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

مشاورتی اجلاس میں امریکہ سے آئے ہوئے مہمانان ملک قاسم اور ان کی اہلیہ جبکہ کراچی سے سید محمد مسعود اور میجر(ر) محمد اختر نے بھی شرکت کی اور مقامی آبادی کے مسائل کا جائیزہ لیا انہوں نے کہاکہ بنیادی سہولیات کا حصول عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت ملنی چاہیے۔عوام اپنے مسائل کے حل کے لئے ذمہ دارانہ طریقے سے متعلقہ محکموں کے افسران سے رجوع کرے تاکہ مثبت اندازمیں مقاصد کوحاصل کیا جا سکے۔