”کرپشن فری پاکستان مہم“اکتوبر میں اسلام آباد میں دھرنے کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچائیں گے،جماعت اسلامی پنجاب

ملک بھر میں ریلیاں،مظاہرے،عوامی عدالتیں،کیمپس اور دستخطی مہم چلاکر عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا جماعت اسلامی لودہراں میں مقامی اداروں کی کرپشن کیخلاف بھی پالیسی جلد ترتیب دے گی ،سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ کا پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 29 فروری 2016 19:25

لودہراں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔29 فروری۔2016ء) جماعت اسلامی پنجاب کے سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ نے کہا ہے کہ یکم مارچ سے شروع ہونیوالی ”کرپشن فری پاکستان مہم“اکتوبر میں اسلام آباد میں دھرنے کے ذریعے منطقی انجام تک پہنچائیں گے، ملک بھر میں ریلیاں،مظاہرے،عوامی عدالتیں،کیمپس اور دستخطی مہم چلاکر عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گاجماعت اسلامی لودہراں میں مقامی اداروں کی کرپشن کیخلاف بھی پالیسی جلد ترتیب دے گی و ہ لودہراں میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے بلال قدرت بٹ نے کہا کہ سابق چیئرمین نیب کے بقول ملک میں روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن کی جاتی ہے اس کرپشن کی وجہ سے ملک میں غریب غریب تر اور امیر امیرترین بنتا جارہاہے،کرپشن میں پٹواری،واپڈااہلکار،پولیس کیساتھ ساتھ محکمہ صحت،تعلیم ودیگرمحکمہ جات ملوث ہیں جبکہ زرداری ونواز دور میں تقریباًسارے وزیرکرپشن کی دلدل میں دھنسے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

مختلف پراجیکٹس میں اربوں روپے کی کرپشن کوکمیشن کا نام دے قانونی قرار دے دیا گیاہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کی وجہ سے ملک قرضوں کی دلدل میں دھنسا ہوا ہے ہرپیدا ہونے والا بچہ ڈیڑھ لاکھ روپے کا مقروض ہے جبکہ حکمران کے اربوں ڈالر کے اثاثے بیرون ملک میں موجود ہیں اورکرپشن کی وجہ سے ان اثاثوں میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔انہوں نے کہا کہ یکم مارچ سے شروع ہونے والی ملک گیر ”کرپشن فری پاکستان“مہم ملک بھر میں مظاہروں،ریلیوں،کیمپس ودستخطی مہم سے شروع ہوکر اکتوبر میں اسلام کے اندر دھرنے کے ذریعے اپنے منطقی انجام تک پہنچائی جائے گی اور جماعت اسلامی انشاء اللہ پورے ملک کو اس لعنت سے نجات دلاکر دم دے گی۔

ضلعی امیر لودہراں ڈاکٹر طاہر چوہدری نے کہا کہ ملک بھر کی طرح لودہراں میں بھی کرپشن کیخلاف ریلیوں،مظاہروں،کیمپس اور دستخطی مہم کا شیڈول مرتب کرلیا گیا ہے۔اس کے علاوہ سینکڑوں کی تعداد میں بینرز،ہزاروں پمفلٹس ،اسٹکرز اورلٹریچر کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا۔ لودہراں کے میگا کرپشن سیکنڈل جس میں کسان پیکج میں کروڑوں کی کرپشن کیساتھ ساتھ دیگرمحکمہ جات میں بھی کرپشن کیسز کو اجاگر کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم میں جماعت اسلامی کے شعبہ جات،جے آئی یوتھ،کسان بورڈ،حلقہ خواتین ودیگر بھی بھرپور حصہ لیں گے۔