پاکستان اور بھارت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کریں ،امریکہ

پیر 29 فروری 2016 16:39

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 فروری۔2016ء ) امریکہ نے پاکستان اور بھارت پر تمام مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا خاموشی سے دو طرفہ مذاکرات کیلئے پاک بھارت وزرائے اعظم کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے، اس طرح جوہری ہتھیاروں کے حامل 2 جنوبی ایشیائی ہمسایوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا ایک بیان میں کہنا ہے کہ امریکا، پاکستان اور بھارت کے ساتھ قریبی تعلقات استوار رکھتا ہے کیونکہ اس طرح جوہری ہتھیاروں کے حامل 2 جنوبی ایشیائی ہمسایوں کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملے گی۔ امریکا، اسلام آباد اور نئی دہلی کے درمیان 'مفاہمت' کے عمل کو آگے بڑھانے کے لئے بھرپور کوششیں کررہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں انھوں نے بالواسطہ طور پر اْن میڈیا رپورٹس کی بھی تصدیق کی، جن میں کہا جارہا تھا کہ امریکا 'خاموشی سے' دو طرفہ مذاکرات کے لیے پاک بھارت وزرائے اعظم کی حوصلہ افزائی کر رہا ہے۔ جان کیری کا کہنا تھا کہ ہم اس کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، میرا خیال ہے کہ مذاکرات کے لیے دونوں رہنماوٴں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ ہم وہ کام نہیں کرنا چاہتے جس سے توازن بگڑے، ساتھ ہی ہم اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں کہ پاکستان اپنے ملک میں قابلِ شناخت دہشت گردوں کے خلاف ایک بہت مشکل لیکن قانونی جنگ میں مصروف ہے، جو پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔

امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ڈیڑھ لاکھ سے ایک لاکھ اسی ہزار فوجی دستے پاک-افغان سرحد پر تعینات کر رکھے ہیں۔