آل کراچی انیس و راجہ شہید یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ : سالار ویلفیئر سینٹر اور شرافی محمڈن کا سیمی فائنل میں انٹری

پیر 29 فروری 2016 14:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء)اللہ داد محمڈن فٹ بال کلب کے زیر اہتمام سرحد اسپورٹس لانڈھی کے تعاون سے جاری آل کراچی انیس و راجہ شہید یادگاری فٹ بال ٹورنامنٹ اپنے اختتامی مراحل کی جانب رواں دواں گزشتہ روز کھیلے گئے دو کوارٹر فائنل مقابلوں کے فیصلے ہوگئے ۔پہلے کوارٹر فائنل مقابلے میں ملیر کی معروف اور نواجوان کھلاڑیوں پر مشتمل سالار ویلفیئر سینٹر نے ایک کانٹے دار مقابلے کے بعد ٹورنامنٹ کی مضبوط ٹیم خیبر مسلم بلدیہ ٹاؤن کو 1-0سے شکست دیکر سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا ٍمیچ کے اختتام پر مہمان خصوصی ڈسٹرکٹ فٹ بال ایسوسی ایشن ملیر کے وائس چیئر مین اکرم خان اور بلوچ اسٹار شرافی کے جنرل سیکریٹری ماسٹر شریف کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اس موقع پر ٹورنامنٹ کے چیئر مین ماسٹر رفیق بلوچ ،رضا گبول ،جان محمد گبول ،ملا عبدالرشید ،عبدالخالق جوکھیو اور دیگر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے دوسرے کوارٹر فائنل مقابلے میں شرافی محمڈن نے میزبان کلب سرحد اسپورٹس کو دلچسپ مقابلے کے بعد 1-0سے زیر کرکے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی کھیل کے ابتداء ہی سے دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے لیکن پہلے ہاف کے اختتام تک کوئی بھی ٹیم برتری حاصل کرنے میں ناکام رہی جبکہ دوسرے ہاف میں ریفری محمود لاسی نے شرافی محمڈن کو ایک پنالٹی آلاٹ کی جس پر شرافی محمڈن کے اسٹار کھلاڑی عمیر ڈانگا نے گول اسکور کرکے مقابلہ 1-0کردیا جو کھیل کے اختتام تک برقرار رہا کھیلے گئے میچ میں ریفریز کے فرائض نیشنل فٹ بال ریفری محمود لاسی ،کیپٹن جمال اور سلیم سلا نے انجام دیئے جبکہ میچ کمشنر با با آدم اور میڈیا کوارڈینٹر شیر افضل تھے ۔