روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے قبل ہماری ٹیم پچ کو درست انداز میں سمجھ نہیں پائی ‘شعیب ملک

بلے بازوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا ‘ انٹرویو

پیر 29 فروری 2016 13:02

ڈھاکہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈز بلے باز شعیب ملک نے کہا ہے کہ روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے قبل ان کی ٹیم پچ کو درست انداز میں سمجھ نہیں پائی۔بنگلہ دیشی دارالحکومت ڈھاکا میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستانی بلے بازوں کی ناقص ترین کارکردگی کے باعث گرین شرٹس کو پانچ وکٹوں سے شکست ہوئی تھی۔

ملک نے ٹریننگ سیشن کے بعد ایک انٹرویو میں کہا کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ ہمیشہ دباوٴ سے بھرپور ہوتا ہے۔ہم نے کچھ غلطیاں کیں، ہمیں علم نہیں تھا یہاں کنڈیشنز ایسی ہوں گی ‘بیٹنگ کرنا مشکل تھا تاہم ہمیں کنڈیشنز کے بارے میں بالکل اندازہ نہیں تھاملک نے کہا کہاب ہم یہاں کھیل چکے ہیں اور سمجھ گئے ہیں کہ ان کنڈیشنز میں مخالف ٹیم کا کس طرح مقابلہ کرنا ہے انہوں نے کہا کہ آپ اپنی غلطیوں سے ہی سیکھتے ہیں اور انہیں ہی دور کرنے کے لیے پریکٹس جاری ہے۔

(جاری ہے)

شعیب ملک نے باوٴلرز پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ ہمارے پاس سب سے اچھا باوٴلنگ اٹیک ہے لیکن بلے بازوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جو کوئی بھی وکٹ پر ٹھہرنے میں کامیاب ہوجائے اسے چاہیے کہ 60-70 رنز اسکور کرے۔ ایسا کرنے پر ہی ٹیم 140-150 رنز بنا پائے گی جس کا باوٴلرز دفاع کرسکتے ہیں۔