محمد عامر، محمد عرفان ، وہاب ریاض پر مشتمل باوٴلنگ اٹیک دنیا کے بہترین باوٴلنگ یونٹس میں سے ایک ، اظہر محمود

پیر 29 فروری 2016 13:02

محمد عامر، محمد عرفان ، وہاب ریاض پر مشتمل باوٴلنگ اٹیک دنیا کے بہترین ..

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 فروری۔2016ء)پاکستان کرکٹ ٹیم کے عبوری باوٴلنگ کوچ اظہر محمودنے کہاہے کہ محمد عامر، محمد عرفان اور وہاب ریاض پر مشتمل باوٴلنگ اٹیک اس وقت دنیا کے بہترین باوٴلنگ اٹیک میں سے ایک ہے۔ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ہمارے پاس دنیا کی بہترین باوٴلنگ ٹیم ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ محمد عامر میچ کو جتوانے والا باوٴلر ہے جس کے ساتھ 7 فٹ لمبے محمد عرفان جن کو جسامت کا اضافی فائدہ حاصل ہے اور تیز باوٴلنگ کی یہ بیٹری بڑی پرجوش ہے، ہر گز نہیں بھولیں ہمارے پاس وہاب ریاض ہے اس طرح ہمارے پاس عامر کی ورائیٹی، عرفان کی جسامت اور وہاب ریاض کی تیز گیندیں ہیں جو ایک خطرناک فاسٹ باوٴلنگ اٹیک بناتے ہیں، ہمارے پاس بائیں ہاتھ کے تیز باوٴلرز کے ساتھ دائیں ہاتھ کے تیز باوٴلر محمد سمیع بھی ہیں جو 145 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اظہر محمود کو حال ہی میں ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے مشتاق احمد کی جگہ عبوری باوٴلنگ کوچ مقررکیا گیا ہے۔اظہر محمود نے ٹیم کے عبوری باوٴلنگ کوچ کے طور پر تعیناتی کے حوالے سے بتایا کہ میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کھیل رہا تھا تو وقاریونس نے فون کرکے کہا کہ یہ موقع ہے اگر آپ کرنا چاہیں تو میں نے فوراً ہاں کرلی کیونکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے بعد دوسری جگہ میری کچھ مصروفیات تھیں اور یہ باالکل میرے حق میں تھااظہر محمود نے پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کی جہاں انھیں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ذمہ داری سونپی گئی تھی۔

انھوں نے کہا کہ میں پاکستان ٹیم کے ساتھ اپنے ہرلمحے سے لطف اندوز ہورہا ہوں، یہ لڑکے گزشتہ کچھ سالوں سے وقار یونس کے ساتھ کام کر رہے ہیں،میرا کا م یہ ہے کہ میں اپنے تجربات اور صلاحیت ان تک پہنچاوٴں اور جب باوٴلنگ کرنے کا موقع آئے تو انھیں اعتماد دوں اور امید ہے کہ میں یہ سب کچھ نوجوان کھلاڑیوں تک پہنچا سکوں۔41 سالہ آل راوٴنڈر نے کہا کہ میں نے پوری دنیا میں کرکٹ کھیلی ہے اور انھیں چھوٹی چھوٹی باتیں بتانے کیلئے تجربہ کافی ہے ‘ مجھے اس وقت خوشی ہوگی اگر میں انھیں باوٴلنگ کے علاوہ بھی بیٹنگ اور فیلڈنگ میں ان کی مدد کرسکوں، بطور آل راوٴنڈر میرے لیے یہ آسان ہے۔

پاکستانی فاسٹ باوٴلرز نے بھارت کیخلاف ایشیاکپ کے اپنے پہلے میچ میں صرف 8 رنز پر 3 بلے بازوں کو آوٴٹ کرکے حریف ٹیم کو شدید دباوٴ کا شکار کردیا تھا تینوں کھلاڑیوں کو محمد عامر نے اپنی نپی تلی باوٴلنگ سے شکار کیا تھا۔