نیب کو گرفتاریوں کی بجائے تحقیقات ‘عمران خان کو لانگ مارچ کی بجائے لانگ ورتھ ورک پر توجہ دینی چاہئے ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 28 فروری 2016 21:12

نیب کو گرفتاریوں کی بجائے تحقیقات ‘عمران خان کو لانگ مارچ کی بجائے ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28فروری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ نیب کا دائرہ کار محدود نہیں کیا جا رہا تاہم نیب کو گرفتاریوں کی بجائے تحقیقات کرنی چاہئیں‘ عوام کی فلاح و بہبود حکومت کا مشن ہے‘ عمران خان پہلے شہباز شریف کے کاموں پر تنقید کرتے ہیں اور پھر وہی کام وہ خود شروع کر دیتے ہیں‘ پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کام لائق تحسین ہیں‘عمران خان کو لانگ مارچ کی بجائے لانگ ورتھ ورک پر توجہ دینی چاہئے۔

وہ اتوار کے روز سمن آباد میں نیا اپ گریڈ سیوریج سسٹم منصوبے کے ا فتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ منصوبے پر 74.383ملین روپے لاگت آئے گی‘ سیورج سسٹم علاقہ میں 6ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا‘ سیوریج سے پونچھ روڈ‘ غزالی روڈ ‘ محمود روڈ‘ رحمت روڈ ‘ شامی روڈ‘ مین سمن آباد سمیت دیگر علاقے مستفید ہونگے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ کراچی میں میٹروبس ملکی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دھرنے پہلے بھی ناکام ہوئے اور اب بھی ناکام ہوں گے‘ عمران خان کو لانگ مارچ کی بجائے لانگ ورتھ ورک پر توجہ دینی چاہئے اورانہیں پہلے کے پی کے کی فلا ح و بہبود پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے پھر وہ تنقید کریں جبکہ یو ٹرن لینا عمران خان کا وطیرہ ہے۔ اس موقع پر چوہدری اختر رسول ‘ میاں طارق سمیت دیگر لیگی کارکن بھی موجود تھے.