سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی موجودگی میں سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے کھلے عام اسلحہ لے کر پھرتے رہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کا سمن آباد میں اسلحہ کی نمائش کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس، ذمہ داروں کی گرفتاری کا حکم

اتوار 28 فروری 2016 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28فروری۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی موجودگی میں سول کپڑوں میں ملبوس افراد نے کھلے عام اسلحہ لے کر پھرتے رہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے ۔ اتوار کے روز سمن آباد میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سوریج سسٹم منصوبے کا افتتا ح کرنے پہنچے تو وہاں موجود لوگ سر عام اسلحے کی نمائش کرتے رہے جبکہ وزیر اعلی پنجاب نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے جبکہ اسلحے کی نمائش کر نے والے افراد کے حوالے سے میڈ یا کے نمائندوں نے ایاز صادق سے سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ میرا اسلحے سے کوئی تعلق نہیں ،ان لوگوں کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ وہ کون تھے ‘اسلحے کی نمائش جہاں بھی ہو گی اس کی مخالفت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

ادھر وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور کے علاقے سمن آباد میں تقریب کے دوران اسلحہ کی نمائش کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ قانون سے کوئی بھی بالاتر نہیں اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔