موسم بہار شجر کاری مہم ،اب تک 9لاکھ42ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں ،وزیر جنگلات

اتوار 28 فروری 2016 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر جنگلات ،جنگلی حیات و ماہی پروری ملک محمد آصف بھا نے کہا ہے کہ موسم بہار شجر کاری مہم 2016کے تحت اب تک9لاکھ 42ہزار پودے لگائے جا چکے ہیں -انہوں نے صوبہ بھر کے ڈویژنل فاریسٹ افسران کو شجر کاری مہم کو تیز کرنے اور 12ملین پودے لگانے کا ہدف مقررہ مدت کے اندر پورا کرنے کی ہدایت کی ہے -انہوں نے یہ بات موسم بہار شجر کاری مہم 2016کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی-انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلات کی قائم کردہ 212نرسریوں اور سیل پوائنٹس پر 18ملین سے زائد پووے موجود ہیں -انہوں نے کہا کہ رواں شجر کاری مہم کے دوران سرکاری جنگلات پر 4.25ملین ،دیگر سرکاری محکموں میں 1ملین ،ڈیفنس کے اداروں کے ذریعے 1.

(جاری ہے)

3ملین جبکہ پرائیویٹ زمینوں پر 5.45ملین پودے لگائے جائیں گے -ملک محمد آصف بھا اعوان نے کہا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کے دوران غیر سرکاری تنظیموں کے ذریعے پنجاب یونیورسٹی میں دو شجر کاری میلے ،کالجوں اور یونیورسٹیوں میں 6 سیمینارز اور 50شجر کاری واکس کا انعقاد کیا جائے گا -انہوں نے کہا کہ مہم کے دوران فارمرز ڈے کا انعقاد بھی کیا جا رہاہے جس میں کسانوں کو پودے لگانے کے طریقوں بارے جدید معلومات فراہم کی جائیں گی -انہوں نے کہا کہ سکولوں میں تقریری مقابلوں کا انعقاد کیا جائے گا اور طلبہ میں نقد انعامات بھی تقسیم کئے جائیں گے -صوبائی وزیر نے کہا کہ موسم بہار شجر کاری مہم کے حوالے سے موبائل پبلسٹی وین تیار کر لی گئی ہے -جس کے ذریعے گاؤں اور محلوں میں جا کر شجر کاری کے متعلق اعلانات کئے جائیں گے اور مفت پودے فراہم کئے جائیں گے اور اس مہم کا آغاز جوڈیشل کالونی فیز Iٹھوکر نیاز بیگ سے کیا جائے گا -

متعلقہ عنوان :