نرسنگ طالبات نے بیماریوں کی روک تھام میں شاندار کردار ادا کیاہے‘ پرنسپل پی جی ایم آئی

طالبات نے مریضوں کی دیکھ بھال کے علاوہ ان کے لواحقین کو بیماریوں سے آگاہ کرنے کیلئے جو کام کیا وہ لائق تحسین ہے ، ہم سب کا مقصد معاشرے سے بیماریوں کا خاتمہ اور عوام الناس کی صحت کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے‘ پروفیسر خالد محمود کا تعریفی سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اتوار 28 فروری 2016 16:40

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 فروری۔2016ء ) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا ہے کہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے نوجوانوں کو اپنا شاہین قرار دیتے ہوئے ان سے جو توقعات وابستہ کی تھیں نرسنگ سکول جنرل ہسپتال کی طالبات نے اپنے کردار اور اپنی محنت سے ثابت کردیا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کے مشن کی تکمیل میں کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گی اور آنے والے ماہ و سال کے دوران نہ صرف ادارہ کی تکریم میں اضافہ کا سبب بنے گی بلکہ اپنی محنت سے اپنا مستقبل بھی تابناک بنائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنرل ہسپتال کی نرسنگ طالبات میں تعریفی اسناد دینے کی تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر ایم ایس کیپٹن (ر) ڈاکٹر نیاز احمد، پرنسپل نرسنگ سکول رئیسہ اشتیاق، اے ایم ایس ڈاکٹر شبنم گلزار، ڈپٹی چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ فرحت محبوب سمیت نرسنگ طالبات بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ نرسنگ طالبات نے پولیو، ڈینگی ، خسرہ ، موسمی فلو جیسی بیماریوں میں مبتلا ہوکر ہسپتال آنے والے مریضوں کی دیکھ بھال کے علاوہ ان کے لواحقین کو ان بیماریوں سے آگاہ کرنے کے لیے جو کام کیا وہ لائق تحسین ہے جس کو ہر سطح پر سراہا جانا اس لیے بھی ضروری ہے کہ وہ طالبات جو آنے والے دنوں میں اس شعبہ سے وابستہ ہوں گی انہیں بھی اس شعبے کی اہمیت کے بارے میں بخوبی آگاہی ہو اور وہ بھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہر ممکنہ طور پر نیک نیتی کے ساتھ کام کرنے کے لیے ذہنی طور پر تیار ہوں ۔

پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ ہسپتال آنے والے مریض کے علاج معالجہ کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے فرائض میں یہ بھی شامل ہے کہ وہ مریضوں کے لواحقین کو بیماریوں کی علامات اور ان سے بچاوٴ کے حوالے سے بھی آگاہی دیں تاکہ معاشرے میں شعوری بیداری کے ذریعے نہ صرف موسمی بیماریوں بلکہ دیگر متعدی امراض سے بچاوٴ بھی ممکن ہوسکے کیونکہ صحت مند معاشرہ ہی ہمارا ہدف ہے اور ہم سب کا مقصد معاشرے سے بیماریوں کا خاتمہ اور عوام الناس کی صحت کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے۔

موجودہ حکومت بھی عوامی شعوری بیداری کو خصوصی اہمیت دیتی ہے یہی وجہ ہے کہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت کی روشنی میں محکمہ صحت پنجاب مختلف امراض سے بچاوٴ اور ان کے علاج معالجہ کے حوالے سے مختلف اوقات میں ذرائع ابلاغ کے ذریعے کمپین بھی چلاتا ہے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ پرنسپل نے توقع ظاہر کی کہ جن طالبات کو سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا ہے وہ مستقبل میں مزید دلجمعی، نیک نیتی سے اپنے فرائض ادا کریں گی اور دوسروں کے لیے ایک روشن مثال ثابت ہوں گی۔

متعلقہ عنوان :