لوٹ مار کرنے والوں کو سیاستدان نہیں مانتے اور ملک کے تمام سیاستدانوں کو کرپشن کے خلاف ملک کر جنگ کرنا ہوگی ، خورشید شاہ

اتوار 28 فروری 2016 16:37

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 فروری۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہاہے کہ لوٹ مار کرنے والوں کو سیاستدان نہیں مانتے اور ملک کے تمام سیاستدانوں کو کرپشن کے خلاف ملک کر جنگ کرنا ہوگی ، پیپلز پارٹی جب اپنے دور میں نیب میں بہتری کی بات کی تو موجودہ حکومت نے مخالفت کی اور جب گلے پڑے ہیں توکہتے ہیں نیب کے قانون میں ترمیم کی جائے کابا لاغ ڈیم بنانے کی باتیں کر نے والے شرارتی لوگ ہیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ہمارے سپہ سالار ہیں متنازع نہ بنایا جائے ۔

اتوار کو پنوعاقل کچے کے علاقے میں پل کاسنگ بنیادرکھنے کے بعد عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سید خورشید شاہ نے کہا کہ پاکستان جیسا ملک دنیا کوئی کوئی اور نہیں، اس ملک کی ترقی جمہوریت میں ہے، ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے ملک کو جمہوری شعور دیا، یہ سیاست ہی ہے جس نے پاکستان بنایا آئین دیا ایٹم بم دیا سمیت جمہوریت دی۔

(جاری ہے)

لوٹ مار میں ملوث لوگوں کو سیاستدان نہیں مانتے، سیاست دان کا کام تو روٹھوں کومنانا اورلڑائی کرنے والوں میں صلح کرانا ہے، کرپشن کرنے والے ہم میں سے نہیں، کرپشن کے خلاف ملک کے تمام سیاستدانوں کو جنگ کرنی چاہیے۔

قائد حزب اختلاف نے کہاکہ نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں نے اداروں کو ڈرا دیا ہے اور افسران مایوس ہوگئے ہیں، پیپلز پارٹی جب اپنے دور میں نیب میں بہتری کی بات کی تو موجودہ حکومت نے اس کی مخالفت کی اور جب یہ ان کے گلے پڑے ہیں توکہتے ہیں کہ نیب کے قانون میں ترمیم کی جائے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے نیب کے بارے میں بات کرکے معاملے کو مشکوک کردیا ہے وزیر اعظم نے جلد بازی میں ایسی تقریرکردی، جس کے بعد لوگ کہیں گے کہ وہ چوروں کو بچارہے ہیں۔

کالا باغ ڈیم کے حوالے سے خوریشد شاہ نے کہا کہ کالاباغ ڈیم بنانے کی باتیں کرنے والے شرارتی لوگ ہیں اور وہ وفاق کو مضبوط دیکھنا نہیں چاہتے، پہلے ملک میں 18 ڈیم بنائے جائیں پھر سوچیں گے کہ کالا باغ ڈیم نہیں بنے گا۔ آرمی چیف کی مدت ملازمت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ باتھ باندھ کر کہتے ہیں کہ جنرل راحیل شریف ہمارے سپہ سالار ہیں انہیں متنازع نہ بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی کوششوں سے ملک میں امن قائم ہو ا۔خورشید شاہ نے کاکہ ملک میں جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں ہے کیونکہ عوام جمہوریت کا تحفظ کرنا جانتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے سوال کرتے ہوئے کہ پی آئی اے کو ختم کرکے نیا ادارہ بنانا کہاں کا منطق ہے۔خورشید شاہ نے کہا کہ ملک میں مردم شماری ضرور ی ہے اگرنہیں ہوئی تویہ ظلم ہوگا۔خورشید شاہ نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو شہروں تک رسائی دینا اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں بے روزگاری کاطوفان ہے ۔ جلسے جلوسوں میں ساتھ چلنے والے لوگوں کا ہجوم ان کی مقبولیت کی وجہ سے نہیں بلکہ یہ بے روزگاری کا طوفان ہے ۔