بعض حلقوں کی جانب سے تحفظات بلا جواز ہیں ،اداکاراؤں نے خواتین کوتشدد سے تحفظ کے بل کو خوش آئند قرار دیدیا

جو مرد خواتین پر تشدد نہیں کرتے انہیں اس بل سے ہرگز کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے ،تحفظات کا اظہار کرنیوالوں کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے

اتوار 28 فروری 2016 12:24

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 فروری۔2016ء)شوبز سے تعلق رکھنے والی اداکاراؤں نے پنجاب اسمبلی سے حال ہی میں منظور ہونیوالے خواتین کوتشدد سے تحفظ کے بل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بعض حلقوں کی طرف سے اس قانون پر تحفظات بلا جواز ہیں ۔نامور اداکارہ ثناء ، زارا اکبر ، ماہ نور ،ریچل خان ،شیبا بٹ سمیت دیگر نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونے والے قانون پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بل خواتین کو تشدد سے بچانے کے تدارک کے طور پر پیش کیا گیا ہے اس پر بعض حلقوں کی طرف سے تحفظات بلا جواز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں آج بھی ایسی خواتین ہیں جنہیں نہ صرف مردوں کی طرف سے بد ترین تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ انہیں بعض اوقات بچوں سمیت گھروں سے بھی نکال دیا جاتا ہے اور ان کے پاس رہنے کیلئے بھی کوئی ٹھکانہ نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اس تناظر میں شیلٹر ز ہوم بنانے کا اقدام قابل تعریف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو مرد خواتین پر تشدد نہیں کرتے انہیں اس بل سے ہرگز کوئی خوف نہیں ہونا چاہیے جبکہ اس پر تحفظات کا اظہار کرنے والوں کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے ۔ خواتین اداکاروں کا کہنا تھاکہ ہر چیز میں بہتری کی گنجائش موجود ہوتی ہے اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ اس قانون میں سقم موجود ہے تو اسے اپنا کیس تحریر ی طو رپر ضرور لڑنا چاہیے۔