اسلام آباد ، پنجاب، خیبرپختونخوا ، بلوچستان، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیشگوئی

اتوار 28 فروری 2016 11:44

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 فروری۔2016ء) محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے سے اسلام آباد ، پنجاب، خیبرپختونخوا ، بلوچستان، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیشگوئی کردی ، آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم کوئٹہ، قلات ڈویژن میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر گرج چمک اور بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

فورکاسٹنگ آفیسر کے مطابق آئندہ دو سے تین روز کے دوران گندم کی کاشت کے بارانی اور نہری علاقوں میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے جبکہ اگلے ہفتے کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبرپختونخواہ، بلوچستان، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش متوقع ہے۔ ریکارڈ کیے گئے نقطہ انجماد سے کم درجہ حرارت استور، سکردو منفی04، پاراچنار، گوپس منفی 01 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ لاہور29، کراچی34، پشاور29، کوئٹہ21اور راولپنڈی اسلام آباد میں زیادہ سے زیادہ 28ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔