گلوکارشجاعت علی خاں کا گیت ”رانجھنا “ لانچ ہوگیا

اتوار 28 فروری 2016 11:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 فروری۔2016ء) معروف کلاسیکل رقاصہ نمرین بٹ کے خوبصورت رقص کے ساتھ گلوکارشجاعت علی خاں کا گیت ”رانجھنا “ لانچ ہوگیا۔اس گیت میں جہاں نمرین بٹ نے اعضاء کی شاعری کرتے ہوئے اس کلام سے انصاف کیا ہے، وہیں شجاعت علی خاں نے اپنے گھرانے شام چوراسی کے اندازگائیکی کے ساتھ اس گیت کوریکارڈ کیا۔

سوشل میڈیا پراس گیت کودیکھنے اورپسند کرنے والوں کی تعداد چند ہی گھنٹوں بعد ان گنت ہوگئی ہے۔اس گیت کے کوریوگرافر وکی سمراٹ جب کہ ویڈیوڈائریکٹر جووی ہیں۔ اپنے اس انوکھے اورمنفرداندازکے ویڈیو بارے نمرین بٹ نے ”ایکسپریس“ کو بتایا کہ فنون لطیفہ میں رقص کوایک خاص مقام حاصل ہے۔اپنے اعضاء سے شاعری کرنے کا فن بہت انوکھااورمنفرد ہے۔

(جاری ہے)

یہ ہرکسی کے بس کی بات نہیں ہے۔ کیونکہ ایک شاعرکی سوچ کوجب ایک رقاص جب عملی جامہ پہناتا ہے توپھر یہ انداز بہت خوبصورت لگتا ہے۔ ویسے تومیری پہچان ایک کلاسیکل رقاصہ کی ہے لیکن شجاعت علی خاں کے گیت ”رانجھنا “ میں بطورماڈل پرفارم کرنے کی اصل وجہ یہی تھی کہ مجھے اس گیت پرپرفارم کرنے کا خاصا موقع ملا۔ایک طرف توشجاعت علی خاں نے شام چوراسی گھرانے کا انگ بڑی محنت کے ساتھ اس گیت میں شامل کیا ہے جس کی وجہ سے مجھے بھی اپنی صلاحیتوں کو بھرپوراندازسے پیش کرنا پڑا۔

اس سلسلہ میں میرے کوریوگرافر اوراستاد وکی سمراٹ نے بہت اہم کردارادا کیا۔ ان کی بدولت میں نے جورقص کیا ، اس کودنیا بھرمیں پسند کیا جارہاہے ۔ سوشل میڈیا پرلانچ ہونے کے بعد جس طرح سے لوگوں نے مثبت رسپانس دیا ہے، اس کے بارے میں کبھی نہیں سوچا تھا۔نمرین بٹ نے کہا کہ میرے نام کے ساتھ کلاسیکل رقاصہ کا خطاب لگنا میرے لیے سب سے بڑی اوراعزاز کی بات ہے۔ بڑی محنت اورریاضت کے بعد کسی فنکارکویہ خطاب نصیب ہوتے ہیں۔ اسی لیے میں اپنے کام کوبڑی محنت اورلگن کے ساتھ انجام دیتی ہوں۔