سفاری پارک میں لوگوں کی دلچسپی کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر کی جا ئینگی ‘ ملک محمد آصف بھا اعوان

نوازشریف اور شہباز شریف جوہر آباد میں ماڈل سفاری پارک کی جلد تکمیل میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں ‘ صوبائی وزیر جنگلات

ہفتہ 27 فروری 2016 21:06

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) صوبائی وزیر جنگلات ، وائلڈ لائف ملک محمدآصف بھاء اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف جوہر آباد میں ننے تعمیر ہونے والے ماڈل سفاری پارک کو جلد از جلد مکمل کروانے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں تاکہ ضلع خوشاب کے علاوہ ڈویژن بھر کے لوگوں کو مثبت تفریح مہیا ہو سکے۔

انہوں نے پراونشنل بلڈنگز کی جانب سے محکمہ کی سست روی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کام تیز ی سے مکمل کرنے اور دیگر متعلقہ محکموں سے کوآرڈینیشن رکھنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے بتایا کہ یہ سفاری پارک ملک کے دیگر پارکوں سے منفرد ہو گا اور اس میں لوگوں کی دلچسپی کے لئے زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر کی جا ئینگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ملک کا واحد وسیع پارک ہے ، جو شہرکی آبادی کے بہت قریب ہے اور جوہر آباد کے لوگ سیر و تفریح کے لئے پیدل سفرکر کے اس پارک میں آسانی سے آسکیں گے ۔

انہوں نے بتایا کہ 2017 تک اس پارک کو ہر صورت مکمل کیا جائیگا ۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈ پارکس خالد ایاز خان ، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف رانا شہباز خان، ایکسئین بلڈنگز پراونشنل خالد محی الدین ،ڈی او وائلڈ لائف خالد محمود اور دیگر افسران موجود تھے ۔ سفاری پارک کے دورہ کے موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف رانا شہباز خان نے صوبائی وزیر اور ڈی جی وائلڈ لائف کو تفصیل سے بریفنگ دی اور بعد ازاں پارک پر ہونے والے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔

اس موقع پر ڈی جی وائلڈ لائف نے ایکسین بلڈنگز پراونشل کو ہدایت کی کہ وہ موجودہ مالی سال کے کاموں اور فنڈز کا جائزہ لیکر فوری طور پر انہیں رپورٹ کریں تا کہ فنڈز لیپس ہونے سے بچائے جا سکیں ۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ سیکرٹری جنگلات بھی پارک کا دورہ کر چکے ہیں جس کے مطابق پارک کی تعمیر میں صرف رکاوٹ بننے والے درختوں کو کاٹاجائیگا اور باقی درخت سائے کے لئے محفوظ کیئے جائینگے ۔

اس موقع پر بتایا گیا کہ اس پارک کی تعمیر کے لئے 20 کروڑ 10 لاکھ 60 ہزار روپے کی منظوری دی گئی ہے ۔ پارک کی تعمیر کا کام اپریل 2015 میں شروع کیا گیا تھا اور 3اپریل 2017 کو اسے مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ مزید یہ کہ اب تک اس کی تعمیر پر 6 کروڑ چار لاکھ اور 14 ہزار روپے خرچ ہو چکے ہیں ۔ اس موقع پر ایکسیئن پراونشل بلڈنگز نے یقین دھا نی کرائی کہ اس سال ملنے والے فنڈز مقررہ مدت تک خرچ ہو جائیں گے ،اور اس سال جو کام کا ہدف ہے اسے بھی پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائیگی ۔

متعلقہ عنوان :