کمشنر اسکول کرکٹ چمپئن شپ ،فائنل میچ میں گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لکشمن سنگھ نے گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول ماڈل ٹاؤن کو شکست دے کر فائنل میچ کا تاج اپنے سر پر سجا لیا

رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے فاتح ٹیم گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لچھمن سنگھ کو تین لاکھ روپے کا چیک ،رنراپ ٹیم کو دو لاکھ روپے کا چیک دیا

ہفتہ 27 فروری 2016 20:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) کمشنر اسکول کرکٹ چمپئن شپ سیریز 2016 ء کے فائنل میچ میں گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لکشمن سنگھ نے گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول ماڈل ٹاؤن کو شکست دے کر فائنل میچ کا تاج اپنے سر پر سجا لیا۔ قذافی اسٹیڈیم کے کرکٹ کے میدان میں گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لچھمن سنگھ نے فائنل میچ میں پہلے کھیلتے ہوئے 272 رنز کا پہاڑ گورنمنٹ ہائی اسکول ماڈل ٹاؤن کے سامنے کھڑا کرکے 121 رنز سے میچ اپنے نام کر لیا۔

گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لکشمن سنگھ کو گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو اس کے لیے نہایت نقصان دہ ثابت ہوئی۔ گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لکشن سنگھ نے میچ121 رنز سے جیت لیا۔ گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لچھمن سنگھ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 40 اوورز میں 8وکٹوں کے بدلے کل272 اسکور بنائے۔

(جاری ہے)

(زید عالم 118، محمد عمر 50، ذوالفقار 42، محمد عمر 10-3، فضل 36-2)۔

گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول ماڈل ٹاؤن نے بعد میں بیٹنگ کرتے ہوئے 39.2 اوورز میں 10وکٹ کے نقصان کے بدلے 151 اسکور بنالئے۔(دانیال 37، اسماعیل 24، حسن 43-3، رضوان 58-2)۔ گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لکشمن سنگھ کے زید عالم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔کمشنر اسکول کرکٹ چمپیئن شپ سیریز 2016 ء کے فائنل میچ کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف تھے۔ کمشنر لاہور ڈویژن عبداﷲ خان سنبل، ماجد خان، سلیم ملک، علیم ڈار اور ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان بھی تقریب میں موجود تھے۔ رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے فائنل جیتنے والی ٹیم گورنمنٹ ہائی اسکول قلعہ لچھمن سنگھ کو تین لاکھ روپے کا چیک جبکہ رنراپ ٹیم گورنمنٹ ماڈل ہائی اسکول ماڈل ٹاؤن کو دو لاکھ روپے کا چیک دیا۔