نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان دیں گے‘ یوتھ پاکستان کا نام روشن کرے گی‘ حمزہ شہباز

پاک بھارت کرکٹ خوش آئند ہے‘ کھیل کے میدان سجنے اور ایک دوسرے کے قریب آنا چاہیے، دہشت گردی کا بیج ہمیشہ کے لئے ختم کر کے قائداعظمؒ کا خوشحال پاکستان بنائیں گے‘ رکن قومی اسمبلی کا کمشنرسکول کرکٹ چمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 27 فروری 2016 19:53

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہاہے کہ ہماری یوتھ ٹیلنٹ سے بھرپور ہے۔ نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان دیں گے اور ایسے مواقع فراہم کریں گے کہ آج کی یوتھ مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کرے،پاک بھارت کرکٹ خوش آئند ہے، کھیل کے میدان سجنے چاہئیں اور ایک دوسرے کے قریب آ کر عزت کے ماحول میں ساتھ چلنا چاہیے،کسی بھی کھیل میں ایک کی ہار اور دوسرے کی جیت ہوتی ہے لیکن سپورٹس مین سپرٹ اور جسمانی صحت کے لئے کھیلوں کی ترویج انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔

حمزہ شہبازنے قذافی سٹیڈیم میں کمشنرسکول کرکٹ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 20سال سے کراچی میں جاری بھتہ خوری‘ اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم کا خاتمہ کر دیا گیا ہے اور افواج پاکستان کے ضرب عضب آپریشن سے دہشت گردی کے بیج کا ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر کے قائدکے فرمان کے مطابق خوشحال پاکستان بنایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور ڈویژن کے شیخوپورہ‘ ننکانہ‘ قصور اور ضلع لاہور کے سکولوں کی 16ٹیموں کے مابین اس ٹورنامنٹ کے انعقادکو سراہتے ہوئے صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ایسی چیمپئن شپس کے انعقاد کااعلان کیا جس کے لئے پنجاب حکومت فنڈز فراہم کرے گی۔

حمزہ شہبازنے کہا کہ نوجوان نسل کو اپنے آپ پرفخر کرتے ہوئے آگے بڑھنا چاہیے۔ انہوں نے اس چیمپئن شپ میں چالیس چالیس ہزار کے تین کیش پرائز حاصل کرنے والے نوجوان زید کو تھپکی اور مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسے فخر کرنا چاہیے کہ وہ ایک کھوکھے والے کا بیٹا ہے اور آج اس کامیابی پر اپنے والد کے گھٹنے چھونے چاہئیں۔ چمپئن شپ کے آرگنائزر جاوید زمان نے بتایا کہ کرکٹ کے تمام قواعد و ضوابط کو مدنظر رکھتے ہوئے اس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا ہے۔

کمشنر لاہور عبداﷲ سنبل نے ڈی سی لاہور محمد عثمان سمیت چاروں اضلاع کی کارکردگی کو سراہا۔ جیتنے والی ٹیم کو مہمان خصوصی حمزہ شہبازنے تین لاکھ روپے و ٹرافی اور رنراپ کو دولاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا۔ کرکٹ لیجنڈ ماجد خان (مائٹی خان) کو بھی حمزہ شہبازنے خصوصی شیلڈ پیش کی۔ ٹیسٹ امپائرعلیم ڈار‘ سابق کرکٹرز سلیم ملک اور شفیق پاپا بھی اس موقع پر موجود تھے۔