حکومت صنعتکاروں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرے، کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا اخلاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 27 فروری 2016 19:42

فیصل آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔آئی پی اے۔27فروری۔2016ء)آل پاکستان کاٹن پاور لومز ایسوسی ایشن کے چیئر مین رانا اخلاق احمد نے کہا ہے کہ حکومت ملک کے صنعتکاروں اور تاجروں کو تحفظ فراہم کرے۔ ڈکیتی اور چوری کی بڑھتی وارداتوں سے تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

کبھی ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ،امپورٹرز اور یارن ڈیلرز کے بچوں کو اغواء کی دھمکیاں دی جاتی ہیں تو کبھی دن دیہاڑے نان سٹاپ ڈکیتیوں کے شکار ہورہے ہیں جبکہ پولیس سے کیا گلا کہ وہ خود دہشت گردوں اور ڈکیتوں کے ہاتھوں آئے روز شہادت کا رتبہ پارہے ہیں۔

انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے پولیس نفری بڑھانے اور انہیں جدید اسلحہ سے مسلح کرکے عوام اور تاجروں کے جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ خوشحال پاکستان کی تکمیل کیلئے تاجر برادری سرمایہ کار، صنعت کار اور تمام جماعتوں کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سمیت وفاقی کابینہ کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔