گوشت کا معیار جانچنے کیلئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی جائیں، ارشد جاوید گوڑ واڑہ

ہفتہ 27 فروری 2016 18:16

پشاور۔27 فروری( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 فروری۔2016ء ) پاکستان متحدہ اسلامی اصلاحی کمیٹی کے سیکرٹری جنرل میاں ارشد جاوید گوڑ واڑہ نے صوبہ میں مبینہ بیمار جانوروں کے ناقص گوشت کے فروخت کی مذمت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اعلیٰ و دیگر متعلقہ حکام سے شہروں‘ قصبوں اور دیہات میں گوشت کے معیار کی جانچ پڑتال کیلئے ضلع و تحصیل سطح پر فوڈ انسپکٹروں اور ویٹرنری ڈاکٹروں پر مشتمل چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دینے کا مطالبہ کیاہے ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کے روز ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ بازاروں میں مبینہ ناقص و مضر صحت گوشت کی وافر مقدار میں دستیابی کے باعث صوبہ بھر کے عوام مختلف بیماریوں کا شکار ہورہے ہیں اور اس حوالہ سے متعلقہ حکام نے خاموشی اختیار کررکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت سمیت دیگر اضلاع میں بھی ہوٹلوں اور کھانے پینے کے سٹالوں میں صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کے باعث لوگ طرح طرح کے مسائل سے دوچار ہیں اسلئے وقت کا تقاضہ ہے کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کا سخت محاسبہ کیا جائے۔ انہوں نے صوبائی وزیر اعلیٰ اور محکمہ صحت کے حکام سے اس بارے میں راست اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ عنوان :