شاہ فیصل زون میں صفائی وستھرائی کی خصوصی مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے، غلام رسول

ہفتہ 27 فروری 2016 18:14

کراچی ۔ 27 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 فروری۔2016ء) شاہ فیصل زون میں صفائی وستھرائی کی خصوصی مہم کے ساتھ انسداد تجاوزات کے حوالے سے مہم تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے متعلقہ افسران کو ہدایت کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات ،وال چاکنگ اور بغیر اجازت اشتہاری بینرز اور سائن بورڈز شاہراہوں پر آویزاں کرنے کی روک تھام یقینی بنایا جائے، اس پر عائد پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 3 روز کے دوران شاہ فیصل زون کی مختلف یونین کمیٹیزز میں کچرا کنڈیوں، شاہراہوں اور گلیوں سے کچرا ،کوڑا کرکٹ ،مٹی اور ملبے کے ڈھیروں کو اُٹھا کر ٹھکانے لگا نے کے ساتھ شاہ فیصل زون کی اہم شاہراہوں، تجارتی مراکز کے اطراف سے درجنوں تجاوزات کا خاتمہ کرکے شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک بناکر ٹریفک کے نظام کو سہل بنا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ایڈمنسٹریٹرغلام رسول نے کہا کہ ضلع کورنگی کو صاف ستھرا سرسبز اور خوبصورت ماحول کا قیام ہماری اولین ترجیح ہے بلدیہ کورنگی کے تمام محکماجاتی افسران علاقائی ترقی مسائل کے خاتمے اور بیوٹی فکشن مہم کو تیز کریں۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی نے متعلقہ ذمہ داران کو ہدایت کی کہ شاہراہوں کو تمام رکاوٹوں سے پاک بنایا جائے غیر قانونی طور پر قائم وہیکل اسٹینڈز، ٹھیلوں اور پتھاروں کو شاہراہوں سے ہٹایا جائے، علاقائی سطح پر خوبصورت ماحول کے قیام کے لئے جاری بیوٹیفکشن مہم کو مزید تیز کیا جائے۔