ایم کیو ایم قائد تقاریر کیس ،عدالت کا ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کا حکم

مفرور ملزمان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ،فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی ،حیدر عباس رضوی اور دیگر شامل ہیں

ہفتہ 27 فروری 2016 17:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے اشتعال انگیز تقاریر کیس میں مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ہفتہ کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ایم کیو ایم کے قائد اور 20سے زائد رہنماؤں کے خلاف اشتعال انگیز تقاریر کیس کی سماعت ہوئی ۔پولیس کی جانب سے عدالت میں 7مقدمات میں مفرور ملزمان کی گرفتاری پر رپورٹ جمع کرادی گئی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں تفتیش افسر نے موقف اختیار کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی لیکن گرفتاری عمل میں نہیں آسکی ہے ،جس پر عدالت نے ملزمان کا اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم دے دیا ہے ۔واضح رہے کہ متحدہ رہنماؤں کے خلاف سچل گوٹھ کے 3،سائٹ سپرہائی وے میں 2مقدمات درج ہیں ۔میمن گوٹھ اور گڈاپ سٹی تھانے میں بھی ایک ایک مقدمہ درج ہے ۔مفرور ملزمان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین ،فاروق ستار،خالد مقبول صدیقی ،حیدر عباس رضوی اور دیگر شامل ہیں ۔