مرالہ میں رورل ہیلتھ سنٹر کا سنگ بنیاد،منصوبہ کسی پر احسان نہیں اپنا وعدہ پورا کیا‘ حمیدہ وحیدالدین

ہفتہ 27 فروری 2016 13:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء)صوبائی وزیر ترقی خواتین حمیدہ وحیدالدین نے نواحی علاقے مرالہ میں 79ملین روپے کی لاگت سے رورل ہیلتھ سنٹر کے قیام کے بڑے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ دیہی مرکز صحت کا منصوبہ شروع کراکے کسی پر احسان نہیں کیا بلکہ اپنا ایک اور وعدہ پورا کیا ہے۔

پنجاب بھر میں صحت کے مراکز کو مرحلہ وار اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ مرالہ میں رورل ہیلتھ سنٹر کے قیام سے ایک لاکھ سے زائد آبادی کو علاج معالجے کی بنیادی سہولیات انکے گھروں کے قریب دستیاب ہونگی۔ تقریب میں چئیرمین یونین کونسل مرالہ چودھری منظور وڑائچ، وائس چئیرمین عنصر علی حکیم، سابق ناظم چودھری اقبال شفقت،سابق ناظم نصراللہ وڑائچ، ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر منیر احمد، ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ضیااللہ صدیقی،ڈی او روڈز محمد ارشد اور ڈاکٹر خالد خواجہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف خصوصی طور پر شعبہ صحت کی بہتری کے خواہاں ہیں اور مرالہ جیسے دیہی علاقے میں رورل ہیلتھ سنٹر کا قیام اس کا واضح ثبوت ہے۔ مرالہ میں رورل ہیلتھ سنٹر کے قیام کے بعد یہاں 24گھنٹے علاج کی سہولت میسر ہو گی ۔ 22بستروں کے ہسپتال میں آپریشن تھیٹر ، ڈینٹل یونٹ، میڈیکو لیگل، خاتون میڈیکل آفیسر سمیت 6سینئر ڈاکٹروں اور ہومیو ڈاکٹر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انشاء اللہ اسی طرح نیک نیتی کے ساتھ اپنے وعدے پورے کرتے رہیں گے۔ میرے دروازے تمام شہریوں کیلئے کھلے ہیں۔ عوام کی خدمت کرتے ہوئے کبھی سیاسی وابستگی کو مد نظر نہیں رکھا۔ عوام کی خدمت کرنا میرا اوڑھنا بچھونا ہے۔ صاف ستھری سیاست کا کلچر اسی طرح پروان چڑھاتی رہوں گی۔ مرالہ پہنچنے پر صوبائی وزیر کا شاندار استقبال کیا گیا، کارکنوں نے صحت کے بڑے منصوبے کے آغاز پرخوشی کا اظہار کرتے ہوتے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور صوبائی وزیر کے حق میں نعرے لگائے۔ بعد ازاں حمیدہ وحیدالدین نے آہلہ روڈ پر تعلیمی ادارے اے جی ایس کا افتتاح کیا اور سکول کے روح رواں اسد میراں کی فروغ تعلیم کیلئے کاوشوں کی تعریف کی۔