امریکہ نے ایف16طیاروں کو انسداد دہشت گردی آپریشنز میں استعمال کرنے کے پاکستانی موقف کی توثیق کردی

ہفتہ 27 فروری 2016 13:02

امریکہ نے ایف16طیاروں کو انسداد دہشت گردی آپریشنز میں استعمال کرنے ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 فروری۔2016ء) امریکی محکمہ خارجہ نے ایک بار پھر پاکستان کو ایف 16 طیارے فروخت کرنے کا دفاع کرتے ہوئے طیاروں کو انسداد دہشت گردی آپریشنز میں استعمال کرنے کے پاکستانی موقف کی توثیق کردی۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیلینا ڈبلیو وائٹ نے کہا کہ ہم پاکستان کو انسداد دہشت گردی آپریشنز کے لیے آٹھ ایف سولہ طیارے فروخت کرنے کے فیصلے کی مکمل حمایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس موجود ایف سولہ طیاروں نے دہشت گردی کے خلاف آپریشن کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایف سولہ طیاروں کی مدد سے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں کیے جانے والے آپریشنز سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بڑی حد تک توڑا گیا ہے اور یہ فوجی آپریشنز پاکستان کے علاوہ امریکا، نیٹو اور خطے کے مفاد میں بھی ہیں۔

(جاری ہے)

امریکا میں پاکستانی سفارت خانے کے ترجمان ندیم ہوتیانہ نے محکمہ خارجہ کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اوباما انتظامیہ پہلے ہی پاکستان کو ایف سولہ طیاروں کی فروخت کے حوالے سے کانگریس پر اپنے عزم کا اظہار کرچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ طیارے دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں پاکستان کی صلاحیت کو بڑھائیں گے۔واضح رہے کہ اوباما انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کو 8 ایف سولہ طیاروں کی فروخت کی منظوری کے بعد کانگریس کے بعض قانون سازوں اور بھارت کی جانب سے فیصلے کی مخالفت کی گئی تھی۔بھارت نے امریکا کے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا تھاتاہم امریکی محکمہ دفاع کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ایف 16 طیاروں کی فروخت بھارت کیلئے تشویش کا باعث نہیں ہونی چاہیے، کیونکہ یہ ڈیل خطے کی سیکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھ کر کی گئی ہے۔