وزیراعظم محمد نواز شریف کی سرطان کی بیماری میں مبتلا بچے انوار اﷲ آفریدی سے ملاقات

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 26 فروری 2016 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 26 فروری۔2015ء) وزیراعظم محمد نواز شریف سے سرطان کی بیماری میں مبتلا بچے انوار اﷲ آفریدی نے ملاقات کی۔ انوار اﷲ آفریدی نے وزیراعظم سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ وزیراعظم انوار اﷲ آفریدی سے گرمجوشی سے ملے اور اس کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے کچھ وقت اس کے ساتھ گذارا۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے انوار اﷲ آفریدی سے اس کے اہل خانہ اور مشاغل کے بارے میں دریافت کیا۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے انوار اﷲ آفریدی کی جلد صحت یابی کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سب کے لئے حوصلے کا باعث ہے۔ انہوں نے انوار اﷲ آفریدی سے کہا کہ وہ اپنا بلند حوصلہ برقرار رکھے کیونکہ اﷲ تعالیٰ ان کی مدد کرتا ہے جو اپنی مدد آپ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے انوار اﷲ آفریدی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ بیماری کو شکست دیں گے۔

وزیراعظم نے انوار اﷲ کی تعلیم کے بارے میں بھی پوچھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایسے بچوں کی خواہشات کو پورا کرنے سے ان کی زندگیوں میں بہت بڑی تبدیلی آ جاتی ہے اور ہماری توجہ کے دوررس اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انوار اﷲ آفریدی نے وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کا موقع ملنے پر دلی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ایک خواہش پوری ہوئی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو اپنے غیر ملکی دورے کے تجربہ بالخصوص ملالہ یوسفزئی سے اپنی ملاقات کے بارے میں بھی بتایا۔طالبعلم نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے بھی ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا جس پر وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ملاقات کے لئے انتظامات کرنے کہ ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :