کراچی کی روشنیاں بحال اور ترقی لوٹ رہی ہے، کچھ عرصے میں آپ کو نیا کراچی نظر آئے گا

کراچی حیدرآباد موٹر وے اور توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے شہر میں پانی کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں وزیراعظم محمد نواز شریف کی گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے بات چیت

جمعہ 26 فروری 2016 20:10

کراچی ۔ 26 فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 فروری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی ترقی کا مرکز ہے، اسے روشن ہونا چاہئے، شہر کی روشنیاں بحال اور ترقی لوٹ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو گرین لائن بس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں ترقی کے عمل میں رکاوٹ کی وجہ سے کراچی کے لوگوں نے مسائل بردداشت کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب کراچی کی روشنیاں بحال اور ترقی لوٹ رہی ہے، کچھ عرصے میں آپ کو نیا کراچی نظر آئے گا۔ وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ کراچی حیدرآباد موٹر وے اور توانائی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو موٹر وے کے ذریعے لاہور سے ملائیں گے۔ امن وامان سے متعلق سوال کے جواب میں وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ امن و امان کی بہتری کے بارے میں عوام اور تاجروں سے پوچھیں۔